رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کی محرم الحرام کے دوران ضلع میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدائت

منگل 11 اکتوبر 2016 22:13

سیالکوٹ ۔11اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم کے دوران ضلع میں امن و امان کی خوشگوار فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں اور جلوسوں کے روٹوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے سمیت ان کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک کیا جائے ۔

یہ بات انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف اور ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ رینج محمد طاہر سے ضلع سیالکوٹ محرم سیکیورٹی وانتظامی امور کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام٬ ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد آصف طفیل٬ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں٬ ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ اور ڈی او ایمرجنسی سیالکوٹ کمال عابد کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور انتظامی امور میں بھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے ضلعی انتطامیہ اور پولیس کے مقامی حکام کو تلقین کی وہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عمائدین سے قریبی رابطہ قائم رکھیں ۔

انہوں نے کہاکہ شہر کی پُرامن فضا کو قائم رکھنے کیلئے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ان کو اپنی مقاصد کی تکمیل کا موقع نہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور مقررین کی یہ قومی ٬ مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تقاریر میں اتحاد امت پر زور دیں اور قیام امن کیلئے اپنا بنیادی کردارموثر طریقے سے انجام دیں۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کی تمام پروگرام شیڈول کے مطابق منعقد کئے جارہے ہیں اور اب تک کسی جگہ امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔

انہوں بتایا کہ تمام اضلاع میں اے کٹیگری کے جلوسوں کی نگرانی ڈی سی او اور ڈی پی او خود کررہے ہیں جبکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کنٹرول سے تما م پروگراموں کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جارہاہے ۔ ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ رینج محمد طاہر نے بتایا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پولیس فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یوم عاشور پر تمام اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہوگی جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔