حضرت امام حسین ؓ کی شہادت سے دین اسلام کو ایک نئی طاقت نصیب ہوئی٬محمد آصف باجوہ

منگل 11 اکتوبر 2016 22:13

سیالکوٹ ۔11اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا یزیدی طاقتوں اور کفر کے خلاف اسلام کی جنگ تھی جس میں کامیابی اسلام نے سمیٹ لی اور یزیدی قوتوں نے ہمیشہ کے لئے شکست کو اپنے نام کر لیا ہے ۔واقعہ کربلا اور شہادت حضرت امام حسین ؓ دراصل ہمارے دین کا بنیادی درس ہے جس کے بغیر کبھی بھی ہمارے دین کی تکمیل نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ آل رسولﷺ سے محبت کی جائے اور آل رسول ﷺ سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ فلسفہ شہادت پر غور و فکر کیا جائے اور یہی ہمارے دین کی اصل روح ہے جس کے بغیر ہم خدا تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے ۔ دین سے محبت اور اس کی سر بلندی کے لئے کیسے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا یہی راز شہادتوں کے فلسفے میں چھپا ہے جو دراصل فلسفہ حیات ہے اور ہماری کل کائنات ہی یہی ہے ۔ حضرت امام حسین ؓ جنت میں نوجوانوں کے سردار ہوں گے ۔ آپ ﷺ کو اپنے نواسوں سے اتنی محبت تھی کہ انہیں اپنے گلدستے کہتے تھے ۔ واقعہ کربلا کے بغیر دین اسلام کی تکمیل مکمل نہیں ہے ۔ حضرت امام حسین ؓ کی شہادت سے دین اسلام کو ایک نئی طاقت نصیب ہوئی اور یزیدی قوتیں ہمیشہ کے لئے ختم ہوگئیں۔