صوبائی دارلحکومت لاہور میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہہ ذوالجناح کے جلوس اور تسبیح کی زیارات برآمد ہوئیں ٬ کئی مقامات پر مجالس کا بھی انعقاد٬ عزاداروں کی نوحہ خوانی٬ماتم داری اور زنجیر زنی

سیکورٹی کے سخت انتظامات ٬ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی

منگل 11 اکتوبر 2016 22:13

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) صوبائی دارلحکومت لاہور میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہہ ذوالجناح کے جلوس اور تسبیح کی زیارات برآمد ہوئیں جبکہ کئی مقامات پر مجالس کا بھی انعقاد کیا گیا٬نویں محرم الحرام کا شبیہہ ذوالجناح کامرکزی جلوس امام بارگاہ عزا خانہ پانڈو سٹریٹ کرشن نگر سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا وہیں جا کر اختتام پذیر ہوا٬جلوس برآمد ہونے سے قبل مجلس کا انعقاد کیا گیا جس میں ذاکرین نے مصائب اہل بیت بیان کئے اور حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا٬جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی٬جبکہ عزاداروں کی بڑی تعداد نے نوحہ خوانی٬ماتم داری اور زنجیر زنی کی٬جلوس کے روٹس پر دودھ٬چائے اور کھانے پینے کی اشیاء کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نویں محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ قصر بتول شاد مان سے بھی برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا پرامن طور پراختتام پذیر ہوا٬اسی طرح حسینیہ اہل لاہور کینٹ سے بھی شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہواجو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پر امن طور پراختتام پذیر ہوا٬علاوہ ازیں وسن پورہ سے بھی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا٬اسی طرح شہر کے کئی دیگر مقامات سے بھی شبیہہ ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے٬دریں اثناء ایبٹ روڈ امام بارگاہ گلستان زہرا میں تسبیح کی زیارت برآمد ہوئی جبکہ اس موقع پر مجلس کابھی انعقاد کیا گیا ۔

صوبائی دارلحکومت لاہور میں نویں محرم کے شبیہہ ذوالجناح کے جلوسوں٬تسبیح کی زیارات اور مجالس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :