محرم الحرام کے جلوسوں کی گذر گاہوں کے مقامات پر صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے ٬ ڈپٹی کمشنرحیدرآباد کی متعلقہ حکام کو ہدایت

منگل 11 اکتوبر 2016 22:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں کی گذر گاہوں کے مقامات پر صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اگر کہیں کوڑا کرکٹ یا عمارتی مٹیریل جلوسوں کی گذر گاہوں پر موجود ہے تو اسے فوری طور پر ہٹایا جائے۔

وہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے حیدرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی معتصم عباسی نے کہا کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے لوگوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ہم سب ملکر محرم الحرا م کے اس مقدس ماہ کو پر امن طریقے سے گذاریں اور ملک دشمن و اسلام دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں٬ انہوں نے کہا کہ ان مقدس ایام کے دوران ہمیں فرقہ واریت٬ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا اہم کردار کرنا چاہیے٬ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور اگر کوئی مشکوک شخص یا چیز دیکھنے میں آئے تو اس کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دیں٬ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہسپتالوں میں تمام مطلوبہ ادویہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یوم عاشورہ کے جلوسوں کی گذرگاہوں پر ایمبولینسز اور طبی کیمپس لگانے کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو بروقت طبی امداد میسر آ سکے٬ انہوں نے بتایا کہ واسا حکام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کی فراہمی و نکاسی کے موثر انتظامات کرنے کو یقینی بنائیں اور جہاں کہیں بھی سڑکوں پر جمع گندہ پانی ہے تو اسے فوری طور پر صاف کرائیں۔

متعلقہ عنوان :