محرم الحرام کے جلوسوں کی گذر گاہوں کے مقامات پر صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے‘ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی کی متعلقہ افسران کو ہدایت

منگل 11 اکتوبر 2016 21:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے جلوسوں کی گذر گاہوں کے مقامات پر صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کو یقینی بنائیں اور اگر کہیں کوڑا کرکٹ یا عمارتی مٹیریل جلوسوں کی گذر گاہوں پر موجود ہے تو اسے فوری طور پر ہٹایا جائے‘اس کے علاوہ مجالس کے مقامات پر بھی صفائی ستھرائی کے موثر اقدامات کیے جائیں۔

وہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے حیدرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔ دورے کے دوران لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے ڈی سی حیدرآباد معتصم عباسی نے کہا کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں تاہم لوگوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ہم سب ملکر محرم الحرا م کے اس مقدس ماہ کو پر امن طریقے سے گذاریں اور ملک دشمن و اسلام دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان مقدس ایام کے دوران ہمیں فرقہ واریت ٬ ہم آہنگی اور بھائیچارے کو فروغ دلوانے میں اپنا اہم کردار کرنا چاہیے۔ انہوں نے لوگوں کو کہا کہ وہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور اگر کوئی مشکوک شخص یا چیز دیکھنے میں آئے تو اس کی فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہی دیں۔ انہوں نے لوگوں کو کہا کہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات کی گئیں ہیں کہ وہ اسپتالوں میں تمام مطلوبہ ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یوم عاشورہ کے جلوسوں کی گذر گاہوں پر ایمبولینسز اور طبی کیمپس لگانے کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو بروقت طبی امداد میسر کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ واسا کو بھی ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ پانی کی فراہمی و نکاسی کے موثر انتظامات کرنے کو یقینی بنائیں اور جہاں کہیں بھی سڑکوں پر جمع گندا پانی ہے تو اسے فوری طور پر صاف کرائیں۔

متعلقہ عنوان :