دسویں محرم کا دن تمام مسلمانوں کیلئے باعث فخر ہے‘ ہداء کربلا ؓ نے اسلام کی عظمت اور حق کی سربلندی کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا عاشورہ محرم کے موقع پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 21:03

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دسویں محرم کا دن جہاں تمام مسلمانوں کیلئے سوگوار دن ہے وہاں یہ ان کیلئے باعث فخر بھی ہے کہ پوری انسانی تاریخ سید الشہداء حضرت امام حسین ؓ ان کے اہل خاندان اور رفقاء کی جانب سے دی گئی عظیم الشان قربانی کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے جنہوں نے دین مبین اسلام کی عظمت اور حق کی سربلندی کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کردین مبین اسلام کے تحفظ اور عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد٬ اتفاق اور یگانگت قائم رکھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام مکاتب فکر خصوصاً علماء کرام عاشورہ کے موقع پر امن وامان اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے یک جہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :