جماعت اسلامی نے 2018الیکشن کیلئے ضروری ہوم ورک مکمل کر لیا ٬ جلد ہی صوبے کی اہم شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی٬عنایت اللہ

منگل 11 اکتوبر 2016 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی صوبے میں اپنے اچھے کردار اور بہتر حکومتی کارکردگی کے نتیجے میں 2018کے جنرل الیکشن میں بڑی پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے 2018الیکشن کیلئے ضروری ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور جلد ہی صوبے کی اہم شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اقتدار میں آنے کے بعد صحت اور تعلیم کے ساتھ ساتھ زراعت ٬ سیاحت ٬ معدنیات اور پاور جنریشن پر خصوصی توجہ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ صوبے سے بے روزگاری کا خاتمہ کر کے صوبے کو سنگا پور جیسی ترقی دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے داروڑہ دیر بالا میں دو علیحدہ علیحدہ شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں نائب ضلع ناظم حنیف اللہ اور تحصیل ناظم میر فخر الدین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر نائب ناظم فرمان اللہ ٬ بازیر خان ٬ حیات محمد ٬ رحیم شاہ ٬ محمد سعید ٬ باچا امین ٬ محمد جان ٬ عمر سعید ٬ ظاہر خان ٬ نصیب گل اور رحمان گل نے مسلم لیگ(ن) اور قاری نور عالم ٬ کسان کونسلر رحیم اللہ ٬ شاہ ولی ٬ عبد الرشید ٬ ابراہیم ٬ عبد الحمید باچہ ٬ انور زیب ٬ باچہ محمد ٬ سید اکبر ٬ فرمان اللہ اور گل سید نے پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔عنایت اللہ نے کہا کہ دیر بالا میں صحت ٬ تعلیم ٬ زراعت ٬ آبپاشی ٬ آبنوشی اور دیگر شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی تکمیل سے ان شعبوں میں خاطر خواہ تبدیلی آئے گی۔تقریب سے حنیف اللہ اور میر فخر الدین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :