لسبیلہ٬تین ساحلی علاقوں میں مختلف واقعات میں چار افراد جاںبحق

منگل 11 اکتوبر 2016 20:45

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء)ضلع لسبیلہ کے تین مختلف ساحلی علاقوں میں مختلف واقعات میں چار افراد جاںبحق ہوگئے ۔ایدھی ٹرسٹ کے رضاکاروں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ورثہ کے حوالے کردیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈام سونمیانی کے ساحلی علاقے میں مچھلیوں کے شکار کے دوران دو الگ الگ واقعات میں دو ماہیگیر اپنی اپنی کشتیوں سے گہرے سمندر سے گر کر لاپتہ ہوگئے تھے جس میں سے ایک ماہیگیر دلسرد بلوچ کی لاش ڈام سونمیانی کے سمندر سے تین روز بعد نکال لی گئی جبکہ ایک ماہیگیر کی لاش پانچ روز بعد مقامی ماہیگیروں نے نکال کر سماجی رہنماء محمد اسلم راٹھور کے توسط سے ورثہ کے حوا لے کردی ۔

سونمیانی کے سمندر سے برآمد ہونے والی ان دونوں لاشوں کو نواحی گلشیری اور سونمیانی میں سپردِ خاک کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایدھی ٹرسٹ بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کے مطابق منگل کے روز ضلع لسبیلہ کے ساحلی علاقے کنڈ ملیر کے قریب کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ بلوچستان کاا یک چالیس سالہ موٹر سائیکل سوار خیر داد بلوچ کار کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔

ایدھی ٹرسٹ بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی نے متوفی خیر داد بلوچ کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اورماڑہ روانہ کردی ہے ۔علاوہ ازیں منگل کو ہی تحصیل لیاری بلوچستان کے ایک نواحی علاقے سے ایک نا معلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ایدھی ٹرسٹ بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کے مطابق منگل کی شب تک مذکورہ افراد کی لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔#