کوئٹہ٬62سیاسی کارکنوں کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان

منگل 11 اکتوبر 2016 20:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی افغان درہ علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام اللہ داد خان وطن پال سلیمانخیل کی سربراہی میں 62سیاسی کارکنوں عوامی شخصیات کی مسلم لیگ ق سے مستعفی ہوکر پشتونخوامیپ میں شمولیت کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی برائے زراعت وخوراک کے چیئرمین نصراللہ خان زیرے ٬ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن ضلعی معاونین ندا سنگر ٬ گل کاکڑ٬ منان نصرت اورااللہ داد خان وطن پال سلیمانخیل ٬ علاقائی سیکرٹری محمد رسول٬ کونسلر رحمت اللہ اچکزئی٬ علاقائی سینئر معاون سیکرٹری عبدالمجید نے خطاب کیا ۔

مقررین نے پارٹی میں نئے شامل ہونیوالوں کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے صحیح وقت میں مثبت فیصلہ کرکے پشتون قومی تحریک کو زبردست تقویت بخشی ہے اور پارٹی اپنے عوام کی ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے رہنمائوں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور دیگر شہدانے اپنے سروں کے نذرانے پیش کرکے اس تحریک کو زندہ رکھا اور پارٹی نے گزشتہ 80سال سے قربانیوں جدوجہد کی وہ تاریخ رقم کی ہے جسکی مثال نہیں ملتی ۔

پارٹی کے ان ہی قربانیوں کے بدولت اور اپنے عوام کے ہر مشکل میں ساتھ دینے پر ہمارے عوام نے پارٹی کو اپنے بھاری مینڈیٹ سے نوازا ہے اور گزشتہ 3سال میں پارٹی نے حکومتی سطح پر اپنے عوام کی خدمت کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ممبران اسمبلی کے ترقیاتی کام اور منصوبے برسرزمین نظر آرہے ہیں اور تعلیم ٬ صحت ٬ آبنوشی ٬ آبپاشی اور سڑکوں ٬ سیوریج نظام کی بحالی کیلئے کافی حد تک کام کیئے گئے ہیں۔

امن وامان کی جو صورتحال ماضی میں تھی اب عوام حد درجہ اپنے آپ کو محفوظ تصور کررہے ہیں ۔ مختلف اضلاع میں میڈیکل کالج ٬ یونیورسٹی ٬ ریذیڈنشل اور کیڈیٹ کالجز کے قیام سمیت ٬ پرائمری سکول کی تعمیر ٬ مڈل سکولوں کی اپ گریڈیشن ٬ 5ہزار پوسٹوں پر این ٹی ایس کے ذریعے قابل اور باصلاحیت اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتی کی گئی ۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہر سطح پر ملک میں جمہوریت کے استحکام ٬ پارلیمنٹ وآئین کی بالادستی ٬ قانون کی حکمرانی ٬ قوموں کی برابری ٬ قوموں کو ان کے وسائل پر اختیار دلانے ٬ سماجی انصاف اور عوام کے بنیادی حقوق واختیار کیلئے تاریخی جدوجہد کی ہے۔

اور ہر قسم کے گھمبیر حالات میں عوام کی حقیقی رہنمائی کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملک کا ہر قسم کے بحرانوں سے نجات جمہوریت کے استحکام ٬ قوموں کی برابری اور ہر شعبہ زندگی میں انصاف کی فراہمی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبی کے میدانوں سے لیکر چترال تک متحدہ خود مختار قومی صوبے کے قیام اور ان میں عوام کے اقتدار قائم کرنا پشتونخوا وطن کے عوام کا آئینی ٬ قانونی اور قومی حق ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ پشتونخوا وطن کی قومی وحدت ٬ قومی تشخص کی بحالی اورپشتونخوا وطن کے تمام عوام کی ہر قسم کی قومی حقوق واختیارات کے حصول کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ہے اور عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں درپیش مشکلات ومسائل کی بروقت نشاندہی اور ان کے حل کیلئے آواز بلند کی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کمپیوٹرائز شناختی کارڈ ہمارے عوام کا بنیادی حق ہے مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ نادرا کے قوانین ملک کے دیگر صوبوں کیلئے کچھ ہیں اور پشتون عوام کیلئے بالکل الگ اور امتیاز ی قوانین بنائے گئے جو کہ ناقابل قبول ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتون اس ملک کے برابر شہری ہے اور یہ ملک ہمارے وسائل سے چل رہا ہے ۔ لہٰذا کمپیوٹرائز شناختی کارڈ ہمارا آئینی وقانونی حق ہے اور نادرا ٬ وزارت داخلہ پشتون عوام کے بلاک کیئے ہزاروںشناختی کارڈز کو فی الفور کلیئر کریں۔