رم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہو گیا

منگل 11 اکتوبر 2016 20:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس کے شرکاء نے امام بارگاہ علی رضا پہنچ کر نماز ظہرین ادا کی۔ راستے میں شرکاء کے لئے سبیلین لگائی گئیں اور نیاز تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا تھا۔

جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ راستوں پر اسکینرز نصب کئے گئے تھے اور زائرین کو چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی۔ جلوس کے آغاز سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے راستوں کی اسکیننگ کی گئی۔

(جاری ہے)

کسی بھی ناخواشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ماہر نشانہ بازوں کو عمارتوں پر تعینات کیا گیا تھا۔

ڈی جی رینجرز بلال اکبر اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی جلوس کے راستوں کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتطامات کا جائزہ لیا۔ دوسری طرف ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا ہے کہ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے کھارادر تک 11 محرم کی صبح تک بند رہے گا۔ پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستہ کے طور پر گرومندر سے کوریڈور تھری استعمال کریں۔