آئی جی سندھ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے امور کا جائزہ٬ جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ

منگل 11 اکتوبر 2016 20:35

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سیکیورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کے حوالے سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے امور کا جائزہ لیا اور جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ نویں محرم کے روز برآمد ہونیوالے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے 6150 سے زائد پولیس افسران و جوان خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ 346 سے زائد امام بارگاہوں٬ 567 سے زائد مجالس٬ 279 جلوسوں اور 50 وعظ ومحافل کے مقامات پر 19519 سے زائد افسران وجوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ کو رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ محرم سیکیورٹی منصوبے کے مطابق ایس ایس پیز٬ ایس پیز٬ ایس ڈی پی اوز سمیت خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کو خصوصی ذمہ داریوں پر مامور کرنے کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں موبائلز٬ موٹر سائیکلز اور بکتر بند گاڑیوں پر سوار افسران وجوان بھی پیٹرولنگ کے مجموعی اقدامات کو ٹھوس اور مربوط بنارہے ہیں٬ اس کے علاوہ امام بارگاہوں٬ مجالس٬ وعظ کے مقامات٬ جلوسوں کی اجتماع گاہوں و گذرگاہوں پر غیر معمولی حفاظتی اقدامات کے ضمن میں ہر قسم کی پارکنگ ممنوع رکھنے کے ساتھ ساتھ مختص کردہ پارکنگ ایریاز میں باوردی اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتیوں کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نشتر پارک کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس کے علاوہ میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے شرکاء کی فزیکل سرچنگ کو منتظمین کے تعاون سے یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ یہی اقدامات حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کے لئے بھی اٹھائے جا رہے ہیںاور مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے سیکیورٹی اقدامات کی براہ راست مانیٹرنگ سمیت مرکزی مجالس اور جلوس کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :