واقعہ کربلا ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کی لازوال مثال ہے٬آفاق احمد

نواسئہ رسول ﷺ نے دنیا بھر کے انسانوں کیلئے قربانی کا لازوال نمونہ پیش کیا ٬دین کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے سے گریز نے مسلمانوں کو غیروں کا غلام بنا رکھا ہی

منگل 11 اکتوبر 2016 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ واقعہ کربلا دین کی سربلندی کیلئے ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کی ایسی لازوال داستان ہے کہ جسکی مثال قیامت تک ملنا ممکن نہیں٬نواسئہ رسول ﷺ نے اپنے کردار و عمل سے دنیا بھر کے انسانوں کیلئے قربانی کا لازوال نمونہ پیش کیا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جس دین کیلئے یہ عظیم قربانی دی گئی اسی دین اسلام کے پیروکار واقعہ کربلا کے پیغام کو پنی زندگی پر لاگو کرنے کی بجائے ایک دوسرے کے گلے کاٹ رہے ہیں ۔

یوم عاشور پر اپنے پیغام میںآفاق احمد نے کہا کہ آج اگر ایک ارب مسلمان اور چھیالیس مسلم ریاستیں تباہی اور پسماندگی کا شکار ہیں تو اسکی بنیادی وجوہات دین سے دوری٬باہمی اخوت کا نہ ہونا اور توکل علی اللہ کی بجائے دنیاوی عیش و آسائش کیلئے غیروں کے آگے ہاتھ پھیلاناہے٬مسلمانوں کو سوچنا چاہئے کہ جب 72 بے سروساماں افراد ہزاروں کے لشکرکے مقابلے میں دائمی فتح حاصل کرسکتے ہیں تو یہ آج بھی ممکن ہے ٬فرق صرف دین کی رسی کا ہے جسے ہم آج مضبوطی سے تھامنے سے گریزاں ہیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ یوم ولادت رسولﷺ پر خوشی اور یوم عاشور پر غم منا کر دین کے تقاضے پورے نہیں کئے جاسکتے ٬اگر دنیا میں کامیابی چاہئے تو اسکے لئے ناصرف دین میں مکمل طور پر داخل ہونا پڑے گا بلکہ اسوہ رسولﷺ پر عمل پیرا اور اہل بیت رسولﷺ کے نقش قدم پر چلنا ہوگا ۔آفاق احمد نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے جس صبر و برداشت کا مظاہرہ کیا اسے مدنظر رکھتے ہوئے یوم عاشور کی مجلسوں اور جلسے جلوسوں کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جائے اور مذہبی منافرت سے بچا جائے کیونکہ امام حسینؓ سب کے ہیں۔

متعلقہ عنوان :