یوم عاشور پر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں٬کیپٹن (ر) محمد امین وینس

یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کی جائیگی ٬مقصد کیلئے 270 جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں٬کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور

منگل 11 اکتوبر 2016 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے 270 جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کہی۔ سی سی پی او نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاران ٬ سپیشل برانچ٬ ڈولفن فورس اور رضا کار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جلوس کے شرکاء کو تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور ماتمی جلوس میں شامل ہونے والے عزاداران کو مکمل فزیکل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ سی سی پی او نے مزید کہا کہ جلوس کے ہمراہ اتحاد بین المسلمین ممبران کمیٹی ممبران بھی ہونگے۔ کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا کہ شہر کے داخلی اورخارجی راستوں پر سکیورٹی کے جامع اقدامات کیے گئے ہیں اور ان پوائنٹس پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اگر کہیں مشکوک افراد یا کسی چیز کو دیکھیں تو اسکی اطلاع فوری طورپر پولیس اور انتطامیہ کو دیں تاکہ بروقت کاروائی کی جائے ۔