فیصل آباد٬محرم الحرام کے حوالے سے شہریوں میں قومی یکجہتی٬اتحاد واتفاق٬بھائی چارے٬پیار ومحبت کے پیغام کواجاگر کرنے کے لئے ’’امن واک ‘‘

منگل 11 اکتوبر 2016 20:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر محرم الحرام کے حوالے سے شہریوں میں قومی یکجہتی٬اتحاد واتفاق٬بھائی چارے٬پیار ومحبت کے پیغام کواجاگر کرنے کے لئے ’’امن واک ‘‘منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر مومن آغا٬آر پی او بلال صدیق کمیانہ٬ڈی سی او سلمان غنی٬سی پی او افضال احمدکوثر٬ارکان قومی وصوبائی اسمبلی حاجی اکرم انصاری٬بیگم خالدہ منصور٬حاجی الیاس انصاری٬ڈاکٹر نجمہ افضل اور سابق ایم پی اے خواجہ محمداسلام نے کی۔

امن واک مرکزی امام بارگاہ ڈگلس پورہ سے شروع ہو کر کوتوالی روڈ٬بھوانہ بازار سے گزرتا ہوا چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔امن کمیٹی کے ارکان سید جعفر حسین نقوی٬ڈاکٹر ممتازحسین ودیگر کے علاوہ بلدیاتی نمائندے٬اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر بلاول ابرو٬رافیعہ حیدر٬محکمہ صحت٬سول ڈیفنس ٬واسا٬ایف ڈی اے٬فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران اور سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنرنے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر امن واک کے انعقاد کا مقصد مذہبی رواداری اور امن وامان کے پیغام کو عام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کو خوشگوار ماحول میں منانے کے لئے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں جنہیں کامیاب بنانے میں تمام مکاتب فکر کے طبقات کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔آر پی اوبلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ عاشورہ محرم کے لئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوسوں کے راستوں پر سیکورٹی سٹاف کو چوکس رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک آرمی کے دستے بھی پہنچ چکے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے ۔ڈی سی او سلمان غنی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے اب تک محرم کے جلوس ومجالس خیریت سے اختتام پذیر ہوئے ہیں اور عاشورہ محرم کے لئے انتظامی وحفاظتی امور کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امن واک میں افسران سمیت ارکان اسمبلی٬بلدیاتی نمائندوں٬امن کمیٹی کے ارکان اور شہریوں کی بھرپور شرکت اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ امن وامان کو قائم ودائم رکھنے کے لئے تمام طبقات متحد ہیں۔

انہوں نے میڈیا نمائندگان سے کہا کہ وہ امن کے پیغام کو شہریوں تک پہنچانے کے لئے اپنا اہم اور جاندار کردار ادا کرتے رہیں۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات پرضلعی وپولیس انتظامیہ نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں جن کی کامیابی کے لئے ارکان اسمبلی ان کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادپر مشتمل امن واک کے انعقاد کوخوش آئندقرار دیا اور کہا کہ وطن عزیز کو امن کاگہوارہ بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔