میدان کربلا میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ نے اپنے جان نثار ساتھیوں اور اہل بیت کے ہمراہ یزیدی لشکر کیخلاف داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے تا قیامت دین اسلام کو زندہ و جاوید کردیا‘واقعہ کربلا ہمیشہ کیلئے حق و باطل کے درمیان فرق کا ایک استعارہ بن گیا

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا 10محرم یوم عاشور پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 20:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے 10محرم یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میدان کربلا میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ نے اپنے جان نثار ساتھیوں اور اہل بیت کے ہمراہ یزیدی لشکر کے خلاف داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے تا قیامت دین اسلام کو زندہ و جاوید کردیا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا ہمیشہ کیلئے حق و باطل کے درمیان فرق کا ایک استعارہ بن گیا۔ جس سے ہمیں طاغوتی قوتوں کے خلاف کلمہ حق کیلئے تاقیامت رہنمائی ملتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ محرم الحرام تمام عالم اسلام کیلئے ایک مقدس مہینہ ہے اس دوران ہمیں اپنے اندر صبر و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے تمام اہل وطن خصوصاً مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی تفرقہ بازی یا تلخ گوئی جس ے اتحاد بین المسلمین میں اختلاف یا دراز پیدا ہوتی ہو سے اجتناب برتنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتحاد و اتفاق کا ماحول قائم رکھنے کی اپیل کی ہے جس سے ماہ مقدس کے دوران امن وامان اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال بھی اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں۔ دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے فرقہ واریت کی آڑ میں ہمارے درمیان نفاق پیدا کرنا چاہتی ہیں جنہیں ہم نے صبروتحمل کے ساتھ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ذریعہ ناکام بنانا ہے وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ الله تعالیٰ ہمارے ملک اور صوبے کی حفاظت فرمائے اور ہمیں طاغوتی قوتوں کے شر سے محفوظ رکھے۔

متعلقہ عنوان :