عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام ’’ شہادت امام حسینؑ ؑکانفرنس‘‘کاانعقاد

منگل 11 اکتوبر 2016 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء)عوامی رکشہ یونین پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی دفتر میں’’ شہادت امام حسینؑ ؑکانفرنس‘‘منعقد ہوئی جس میںسول سوسائٹی کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعد اد نے شرکت کی۔شہادت امام حسینؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہاکہ امام حسن ؑاور امام حسینؑ جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑ کا راستہ اللہ اور رسول اللہ ﷺکا راستہ ہے جبکہ یزید کا راستہ شیطان کا راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یزید نے میدان کربلا میں ظلم اور جبرکی انتہا کر دی لیکن امام حسین ؑ نے صبر و استقامت کی لازوال مثال قائم کی۔حضرت امام حسین ؑ نے کربلا میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی قربانی پیش کرکے دین اسلام کو حیات بخشی ۔

(جاری ہے)

مجید غوری کا کہنا تھا کہ عوامی رکشہ یونین اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے اپنے کارکنوں کی دینی ٬ اخلاقی اور سماجی تربیت کرتی ہے۔

اس سلسلے میں رکشہ ڈرائیوروں کی فیملیوں کیلئے ہفتہ وار درس قرآن کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں مسز مجید غوری اورعلماء کرام اپنا وقت فی سبیل اللہ دیتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی ٬دہشت گردی کے خاتمے اور امت محمدیہ ؐ کے لئے خصوصی دعا کی گئی مجید غوری نے کہا کہ ہماری یونین کی ان کاوشوں کو اللہ پاک قبول فرمائے اور دنیا اور آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنا دے۔مجید غوری نے اپنے خطاب میں تمام مزدور٬ وکلاء٬ طلباء یونینوں کو بھی دعوت دی کہ وہ بھی ہمارے پروگراموں شرکت کریںاوراپنے ساتھیوں کی دنیاوی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ان کی آخرت سنوارنے کا بھی ذریعہ بنیں۔اختتامی دعا کے بعد حاضرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔