مودی سرکار کشمیر ایشو پر مکمل جھوٹ اور منافقانہ رویہ کا شکار ہے٬لیاقت بلوچ

کشمیری عوام حق پر ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع اور بھارتی حکمرانوں کو اپنے ناپاک عزائم میں شکست فاش نصیب ہوگی پروفیسرابراہیم٬اسداللہ بھٹو٬ڈاکٹر معراج کا ٹنڈومحمد خان میں ’’شہادت حسین‘‘کانفرنس سے خطاب

منگل 11 اکتوبر 2016 20:10

ٹنڈومحمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) مودی سرکار کشمیر اشو پر مکمل جھوٹ اور منافقانہ رویہ کا شکار ہے٬کشمیری عوام حق پر ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع اور بھارتی حکمرانوں کو اپنے ناپاک عزائم میں شکست فاش نصیب ہوگی٬نواز شریف پانامالیکس کے معاملے پر قوم کو جوابدہ ہیں٬ملک اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے ایسے میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے نواز شریف کو آگے آنا ہوگا اور خود کو پانامہ پیپرز کے معاملے پر احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے ٹنڈومحمد خان میں منعقدہ’’شہادت حسین کانفرنس‘‘سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف پاناماپیپرز کے معاملے پر تمام اپوزیشن کے مطالبے پر ایک آزادانکوائری کمیشن بناتے تو آج ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہوتا٬اور تمام سیاسی اختلافات بھی ختم ہوچکے ہوتے۔

اب ملک اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے٬عوام مکمل طور پر کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں٬حکمرانون کی کرپشن کے باعث عوام مہنگائی٬ بیروزگاری اور افلاس کا شکار ہوچکے ہیں۔ حکمرانوں نے پی آئی اے٬ ریلوے٬ اسٹیل ملز سمیت تمام قومی اداروں کا بیڑہ غرق کرنے کے بعد اب اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اونے پونے دام کے عیوض ان قومی اداروں کو بیچنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ہاتھوں گروی رکھنے والے وزیرخزانہ کی تعریف سمجھ سے بالاتر ہے۔ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان کے ذریعے عوام کو بیدار اور جمہوریت کے نام پر ہونے والے کرپشن کا راستہ روکنے کیلئے میدان عمل میں موجود ہے۔کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کے قرادداوں کے مطابق رائے شماری کا حق دینا ہوگا٬نریندرمودی حکومت کی جانب سے تین مہینوں کے اندر ہزارون کشمیریوں کو جیلوں میں ٹھونسنے٬ڈیڈھ سو سے زائد کو شہید اور ہزاروں افراد کو زخمی کرنے کے باوجود نہتے کشمیری بھارتی فوج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں٬اب بھارت کشمیری عوام کو مزید اپنا غلام بناکر نہیں رکھ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کی عظیم داستان ہے٬کربلا میں شہادت نوش کرنے والے مجاہدین اور امام عالی مقام تا قیامت زندہ وجاوید رہیں گے ٬جبکہ یزید کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہے۔کراچی میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد بے حد ضروری ہے جس کیلئے جعلی ووٹر لسٹوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے٬مردم شماری آئینی اور قانونی ضرورت کے علاوہ ایک اہم قومی مسئلہ ہے ٬سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود مردم شماری کا نہ ہونا حکمرانوں کی ناہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔

۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہا آج کا دن حق اور باطل کے درمیان خیر اور شر کے معرکہ کا دن ہے٬ امام عالی مقام حسین ؓ نے وقت کے باطل پرست حکمرانوں کو چیلنج کرکے رہتی دنیا تک حق کی راہ پر چلنے والوں کیلئے ایک عظیم مثال قائم کی۔آج ایک بار پھر عالم کشمیر٬ شام٬فلسطین اور برما سمیت دنیائے اسلام میں کربلا کا میدان برپا ہے اور یزیدی اور حسینی لشکر آمنے سامنے ہیں۔

ملک میں جاری انگریز کے قانون کو بدلنے اور مدینے کی ریاست کو قائم کرنے کیلئے اب عوام کو آگے آنا ہوگا۔بھارت کی جانب سے گیدڑ بھبکی اور سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کے باوجود ملک میں جاری سیاسی انتشار کے باعث عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے٬یہ حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ بیرونی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے اندر سیاسی جماعتوں کو ملکی سلامتی کیلئے متحد کیا جائے اور اپنے ذاتی مفادات کی قربانی دینی چاہئے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا کہ پوری قوم کشمیر اشو پر پاک فوج کے شانہ بشانہ اگلے مورچوں پر لڑنے کیلئے تیار ہے٬حکمران طبقہ پاک بھارت کشیدگی کو پانامہ پیپرز کے معاملے سے توجہ ہٹانے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے٬ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے٬کرپشن کے خاتمے کے بغیر یہ ملک مزید نہیں چل سکتا٬ عوام بھوک٬ بدحالی اور مہنگائی کا شکار ہیں جبکہ حکمران آئے روز گیس٬بجلی سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرکے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کو خوش کرنے کے چکروں میں لگے ہوئے ہیں۔

گذشتہ آٹھ سالوں کی حکمرانی کے باجود پی پی نے سندھ کے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا ہے بلکہ سندھ کا غریب ہاری اور کسان مفلسی کا شکار ہوچکا ہے جبکہ صنعت کار اور بیوپاری مزید خوشحال ہوچکا ہے٬اس وقت سندھ کے کاشتکار چاول کی مناسب قیمت نہ ملنے پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں لیکن حکومت سندھ کی طرف سے ان کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی دھرتی امن اور پیار کی سرزمین ہے٬ یہاں پر نفرت اور دشمنی کی کوئی گنجائش نہیں ہے٬جماعت اسلامی سندھ کے لوگوں کو کلمے والے پرچم تلے اکٹھا کرنے کیلئے مصروف عمل ہے۔

وڈیروں٬ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے سندھ کے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے٬سندھ کا غریب ہاری اور کسان غریب سے غریب تر اور کارخانیدار دن بدن مالدار ہورہا ہے٬سندھ میں ہرطرف ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور شہروں میں کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں٬ قائم علی شاہ کے جانے کے بعد مراد علی شاہ سے گڈ گورننس کی امید ہے٬لیکن ابھی تک وہ بھی سندھ کے پسے ہوئے عوام کو کسی قسم کا رلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد عظیم بلوچ٬ مجاہد بلوچ٬ضلعی امیر ڈاکٹرعبدالعزیز گدی پٹھان٬مسلم جان سرہندی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :