نبی آخرالزماںؐ کی آل نے جانوں کی قربانی دیکر اسلام کو سربلند کیا ٬علامہ علی ناصر الحسینی

یزیدی کردار ہمیشہ کیلئے ظلم اور نفرت کا نشان بن گیا٬ممتاز شیعہ عالم

منگل 11 اکتوبر 2016 20:10

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء)ممتاز شیعہ عالم علامہ علی ناصر الحسینی آف تلہاڑا نے کہا ہے کہ نبی آخرالزماںﷺ کی آل نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اسلام کو سربلند کیا اور یزیدی کردار ہمیشہ کیلئے ظلم اور نفرت کا نشان بن گیا۔ اللہ کے پیارے نبیﷺ کی موجودگی میں اپنے مجرمانہ عزائم کو پوشیدہ رکھنے والوں نے ان کے پردہ فرمانے کے بعد اپنی کارروائیاں تیز کر دیں اور حضرت علی ؑ سمیت ان کے خاندان کے درجنوں افراد کو کربلا کے میدان میں شہید کرکے اپنے گھناؤنے کردار کو عملی جامہ پہنایا۔

اولاد علی ؑ نے دنیاوی مفادات اور ہر قسم کے لالچ کو ٹھوکر مار کر حق کا علم بلند کیا اور رہتی دنیا تک ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنے کی حقیقی مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

اپر کینال امام بارگاہ والی خراساں داؤکے میں محرم الحرام کے نویں روز ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حضر ت امام حسینؑ نے کربلا میں شہادت پیش کرکے اسلام کو تا قیامت زندہ کر دیا اور باطل کے حصے میں دائمی ذلالت لکھ دی۔

اسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شفقت محسن کاظمی نے کہا کہ اولاد علیؑ نے کربلا تک پہنچتے ہوئے ہر مقام پر نماز با جماعت قائم کی اور اپنے شیعان کو بھی نماز کی پابندی کی تلقین کی ہے۔ نیک عمل کرکے ہم اپنے امام ؑ کی تقلید کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دشمنان اسلام نے فرقہ واریت کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی ہیں مگر اب وقت آگیا ہے کہ ہم اسلام دشمن قوتوں کو شکست دے کر بھائی چارے کی فضاء کو قائم کریں۔

والی خراساں میں دس روزہ مجالس کا اہتمام شیعہ رہنما ساجد حسین شاہ نے کہا کہ جبکہ ماسٹر محمد انور بھٹی نے نقابت کے فرائض سر انجام دیئے۔قلعہ بھٹیانوالہ سے اظہر علی بھٹی ایڈووکیٹ٬ علمدار شاہ٬ ناصر رضا گیلانی نے انتظامی امور سر انجام دیئے۔ امام بارگاہ میں آج دسویں محرم الحرام کے موقع پر شام چار بجے ماتمی جلوس برآمد کیا جائے گا جو قصر سکینہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

قبل ازیں مرکزی امام بارگاہ ریلوے اسٹیشن مریدکے سے مرکزی ماتمی جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہو گا جس کی قیادت معروف شیعہ رہنما منور حسین شاہ پٹواری اور احمد رضا عرف پومے شاہ کریں گے۔ چوک بابا جن میں سینکڑوں اعزا دار زنجیر زنی کریں گے جبکہ جی ٹی روڈ مجاہد ہوٹل کے سامنے آگ پر ماتم اور گرم زنجیر زنی کا مظاہر ہ کیا جائے گا ۔