فیصل آباد٬ انسداد ڈینگی سٹاف کی شبانہ روز سخت محنت کی بدولت ڈینگی کے مسئلے پر خاطر خواہ قابو پایا گیا ہے ٬ویژنل کمشنر مومن آغا

منگل 11 اکتوبر 2016 20:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی سٹاف کی شبانہ روز سخت محنت کی بدولت ڈینگی کے مسئلے پر خاطر خواہ قابو پایا گیا ہے اور جدید تکنیکی تربیت سے ان کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے یہ بات محکمہ لوکل گورنمنٹ اور یونیسف کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں چھ روزہ ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب کے موقع پر شرکاء میں حفاظتی کٹس اور افسران میں شیلڈز تقسیم کرتے ہوئے کہی۔

چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس/ایم این اے حاجی اکرم انصاری٬ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب شاہد راجہ٬ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نجیب اسلم٬صوبائی کوارڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر وسیم اکرم٬ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹرزاہد مالک٬ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرنوازش گورایہ٬ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آصف شہزاد٬اسسٹنٹ کمشنرجنرل مہر شفقت اللہ مشتاق٬اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر بلاول ابڑو٬رافیعہ حیدر٬ڈی او(سی او)سعید انور٬ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹربرائے ڈینگی ڈاکٹر بلال احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی وباء پھیلنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے جس عزم اور جذبے سے ڈینگی کے انسداد کے لئے کام کیا اس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے اور ہر سطح پر اس قدر محکمانہ کوششوں سے کامیابی یقینی ہوئی ۔انہوں نے انسداد ڈینگی سٹاف سے کہا کہ وہ ڈینگی کے سدباب کے لئے پیشہ وارانہ خدمات کے ساتھ لوگوں کو بھی اس وباء سے بچانے کے لئے کردار ادا کریں کیونکہ یہ نیکی اور اجر کاکام بھی ہے لہذا ٹاسک کو نیک مشن کے ساتھ پورا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ ڈینگی کے انسداد اور لاروا کی تلفی کے لئے مربوط کوششوں کو بھرپور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں ان کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی kd جائے گی۔ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہا کہ ڈینگی کے مسئلے کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے ذاتی طور پر جس انداز میں جنگی بنیادوں پر دن رات کام کیا اس سے عوام میں بھی جوش وجذبہ پیدا ہوااور آج انہی انسدادی اقدامات کی بدولت ڈینگی کے نقصانات سے بچنے میں خاطر خواہ مدد مل رہی ہے اور اس مسئلے کے مکمل خاتمہ تک یہ جہاد جاری رہے گا۔

انہوں نے ڈینگی کے خلاف ٹریننگ حاصل کرنے والے شرکاء کو مبارکباد دی اور انسداد ڈینگی اقدامات کے سلسلے میں انتظامیہ کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ شاہد راجہ نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ڈینگی کے خاتمے میں بھرپور حصہ لے رہا ہے اس سلسلے میں تکنیکی وانتظامی معاونت بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نجیب اسلم نے بتایا کہ چھ روزہ تربیت میں 12سیشنز کے دوران 720سٹاف ممبران کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی جس سے انہیں ڈینگی لاروا کی شناخت٬تلفی اور اپنی حفاظت میں بھی مدد ملے گی۔

صوبائی کوآرڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی ڈاکٹروسیم اکرم نے ٹریننگ پروگرام کے انعقاد کو سراہا اور کہاکہ ڈینگی سیزن سے قبل اور دوران سیزن سٹاف کی بھرپورمحنت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ اس وباء کے خاتمے کے لئے متحرک ہیں۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے ڈینگی ڈاکٹر بلال احمد نے بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات پر ذمہ دارانہ عملدرآمد جاری ہے اور سٹاف کی جدید تربیت سے مزید بہتر نتائج حاصل ہونگے۔اس موقع پر افسران میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :