ماہ محرم صبر٬ استقامت٬ برداشت کا مہینہ ہے٬حاجی محمد جاوید میمن

ہم سب کا فرض ہے ماہ مقدس میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے امن قائم رکھنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں٬صدر سکھر اسمال ٹریڈرز

منگل 11 اکتوبر 2016 20:02

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سیدالشہداء حضرت سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں ٬ شہداء کربلا نے میدان کربلا میں قربانیاں دیکر حق اور باطل کے فرق کو ہمیشہ کیلئے واضح کردیا اور اسلام کے پرچم کو بلند و بالا رکھنے کیلئے جام شہادت نوش کیا۔ ماہ محرم صبر٬ استقامت٬ برداشت کا مہینہ ہے ہم سب کا فرض ہے کہ اس ماہ مقدس میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے امن قائم رکھنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں شہداء کربلا کی یاد میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاویدمیمن کاکہنا تھا کہ اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کی تعلیمات اور قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر دین و دنیا کی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام کی تاریخ شہداء اسلام سے بھری ہوئی ہے حضرت سیدنا امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں یہ ثابت کیا کہ حالات کیسے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں توحید اور رسالت کے پیغام کو ہر صورت میں عام کیا جائے اور دین اسلام کو فسق و فجور سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یزیدی قوتوں نے ہر دور میں مسلمانوں کے خلاف سازشیں کیں مگر جذبہ حسینیت ہی ایک ایسا مشن ہے جس کے ذریعے اسلام کو قائم و دائم رکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پراجلاس میں اسلام کی سربلندی اور پاکستان میں امن و امان کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :