امام حسین کی قربانی کی مثال دنیا میں نہیں ملتی٬ یزیدیت گالی بن چکی ٬ کردارحسینی بلند ہے٬ پیر اعجاز ہاشمی

اسلام امن کا درس دیتا ہے٬اختلافات کی بجائے ٬ مشترکات کو فروغ دینا چاہئے ٬ مرکزی صدر جے یو پی کا پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہہ کی اسلام کی راہ میں لازوال قربانی کی دنیا میں کوئی مثال ملتی ہے اورنہ ہی رہتی دنیاتک ایسا ممکن نظر آتا۔ پیغام عاشورہ محرم الحرام میں انہوں نے کہا کہ کربلا حق اور باطل کی جنگ تھی۔

تاریخ انسانی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ 72 جانثاروں نے ہزاروں کی فوج کو شکست دی ہو۔ لیکن تاریخ گوا ہ ہے کہ شہدا کربلا نے قربانی دے کر یزیدی فوج کوایسی عبرتناک شکست دی کہ آج یزیدیت لاوارث ہوکر گالی بن چکی ہے اورظلم وستم کے خلاف حسینی پرچم بلند ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہہ نے اپنے نانا کے دین کا تحفظ کیا تو اسلامی تعلیمات ہمار ے پاس پہنچیں اور آج ہم مسلمان کہلاتے ہیں٬ اس لئے اسلام کا ہم تک پہنچنا شہداء کربلا کے خون کی تاثیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یزیدکے باطل ہونے پر مسلمانوں میں کوئی اختلاف نہیں۔میں نہیں سمجھتا کہ نبی کا کوئی امتی یزید کی حمایت کرسکتا ہے۔جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ کربلا جان قربان کرکے دین کو بچانے کا واقعہ ہی نہیں٬یہ جرات و شجاعت اور تلوار پر خون کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام اتحاد ووحدت اور امن کا درس دیتا ہے تمام مکاتب فکر اپنے انداز میں امام عالی مقام کو یاد کرتے اور ان کی بارگاہ میں عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں اختلافات کو ابھارنے کی بجائے ٬ مشترکات کو فروغ دینا چاہئے جوکہ زیادہ ہیں۔ تفرقہ بازی کسی صورت دین کی خدمت نہیں۔

متعلقہ عنوان :