گرفتاریاں٬ مقدمے عزاداری مظلوم کربلا سے نہیں روک سکتے٬ہراساںکرنے کا سلسلہ بند کیا جائے٬ علامہ سبطین سبزواری

مقدمات کا سامنا کریں گے٬عزاداری نہیں رکے گی٬ صدرشیعہ علما کونسل پنجاب

منگل 11 اکتوبر 2016 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) شیعہ علما ء کونسل پنجاب کے صدرعلامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ کربلا حریت٬ غیرت اور قربانی کا درس دیتی ہے٬ اسی بنیا د پر دنیا میں انقلابات نے جنم لیا۔ جس نے بادشاہتوں کے تصور کو توڑ کر انسانیت کا وقار بلند کیا ۔ دنیا جانتی ہے کہ خانوادہ رسول نے ہر دور میںانسانوں کی رہنما کا فریضہ سرانجام دیا۔

عزاداری کربلا کی یاد ٬ سنت زینبی اور تحریک کربلا کا تسلسل ہے۔ جس سے ہر سال یزیدیت بے نقاب ہوتی اور حسینیت انسانیت کا سر فخر سے بلند کرتی ہے۔ مجلس عزا سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ گرفتاریاں اور ایف آئی آرز عزاداری مظلوم کربلا سے نہیں روک سکتیں ٬ روایتی جلوسوں اور مجالس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

(جاری ہے)

بانیان مجالس و جلوس ہائے عزا کو ہراساںکرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

مقدمات کا سامنا کریں گے۔ شہادتوں کے عادی ہیں۔عزاداری نہیں رکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مجالس اور جلوسوں میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ لوگوں کوفورتھ شیڈول اور گرفتاریوں سے ہراساں کیا جارہا ہے۔اور جب عزادار استقامت دکھاتے ہوئے عزاداری منعقد کرتے ہیں تو من گھڑت کہانیوں پربے بنیاد مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ جلوس دیر سے ختم کرنے اور روایتی جلوس نکالنے پر بھی مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ ان ظالمانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات ہمیں یزیدیت کے خلاف احتجاج سے نہیں روک سکتے۔ علامہ سبطین سبزواری نے پنجاب اور بلوچستان کے وزرا ء اعلیٰ سے عزاداری میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے اور مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن یا محدودیت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کریں٬ عزاداری کو روکنے کے لئے نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کے حکم کے مطابق عزاداری کا تحفظ٬ عزاداری سے کریں گے٬ا گرکہیں جلوسوں پر پابندی لگائی گئی تو نویں اور دسویں محرم کے جلوس روک دیں گے٬ حکومت مشکلات پیدا کرنے کے بجائے عزاداروں کو سہولتیں فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :