گیس قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ٬ وسیم اختر

ارکان پارلیمنٹ کی5500کلومیٹر طویل نئی گیس اسکیموں کے لیے 9ارب روپے وصول ٬ گیس کمپنیوں کی جانب سے صارفین سے رواں سال کے دوران341ارب روپے بٹور لئے گئے ٬صوبائی پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی

منگل 11 اکتوبر 2016 19:59

ؓبہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے اوگراکی جانب سے گیس36فیصد تک مہنگی کرنے کے فیصلے پراپنے شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام پر گیس بم گرانے اور غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قراردیاہے۔انہوں نے کہاکہ ارکان پارلیمنٹ کی5500کلومیٹر طویل نئی گیس اسکیموں کے لیے 9ارب روپے وصول کیے جائیں گے جبکہ گیس کمپنیوں کی جانب سے صارفین سے رواں سال کے دوران341ارب روپے بٹورے گئے۔

ایس این جی پی ایل کے لیے گیس کی قیمت میں57.89روپے ایم ایم بی ٹی اضافہ قابل مذمت ہے اسے فی الفور واپس لیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہی عوام مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں ایسے میں گیس کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ سے ان کی مشکلات میں مزیدبڑھ جائیں گی۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے اشیاء خوردونوش٬ پٹرولیم مصنوعات اور گیس کے نرخوں میں آئے روزاضافے کے بھیانک اثرات عوام کی زندگیوں پر مرتب ہورہے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ 20کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکمران سنجیدگی کامظاہرہ کریں۔انہوں نے مزیدکہاکہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت کو برسراقتدار آئے ساڑھے تین سال گزرچکے ہیں مگر عوام سے کیے گئے وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے۔لوشیڈنگ٬مہنگائی٬لاقانونیت٬اقرباپروری٬دہشتگردی٬بیروزگاری جیسے مسائل نے ملک میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔لوگوں کی زندگی میں آسودگی نام کی کوئی چیز نہیں۔جب کسی ادارے کے کرتادھرتوں کادل چاہتاہے وہ قوم کو لوٹنے کی نئی نئی اسکیمیں بناکرلوٹنا شروع کردیتے ہیں۔ان کو کوئی پوچھنے والاہے اور نہ ہی ان پر کسی قسم کا کوئی چیک اینڈ بیلنس کانظام موجودہے۔