دین و ملت کی سربلندی کیلئے شبیری کردار ضروری ہی: چودھری شجاعت ٬ پرویزالٰہی٬ مونس الٰہی

حضرت امام حسین ؓ اور ان کے قافلہ نے کربلا میں ہمیں اتحاد٬ ایثار٬ جرأت اور حق و صداقت کیلئے نہ جھکنے کا درس دیا

منگل 11 اکتوبر 2016 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین٬ سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ٬ جگر گوشہ بتول رضی اللہ عنہا٬ حضرت امام حسین ص نے اہل بیت اطہار ث کے ہمراہ عظیم قربانی دے کر نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری بنی نوعِ انسانی کو درس دیا کہ دین اور ملت کی سربلندی کیلئے شبیری کردار ضروری ہے٬ ظلم و نا انصافی کے خاتمے٬ اسلام٬ حق و صداقت اور عظمت انسانی کے تحفظ کیلئے کسی حالت اور صورت میں بھی جھکنے کی بجائے باطل قوتوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا جائے٬ ظلم و ظالم کے خلاف ڈٹ جائیں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

یوم عاشور پر مسلم لیگی قائدین نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آج نہ صرف ہر پاکستانی اور مسلمان بلکہ ہر انسان کو حضرت امام حسین ص اور ان کے ساتھی شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد٬ ثابت قدمی٬ یقین محکم٬ جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرنا چاہئے٬ ہمیں ان اصولوں کو مشعل راہ بنانا ہو گا اور اپنے تمام فروعی و سیاسی اختلافات کو ختم کر کے ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہو گا٬ اسلام٬ مسلمانوں اور پاکستان کی دشمن تمام قوتوں کیخلاف اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور نظم و ضبط پیدا کر کے ملک و ملت اور اپنے دین کی سربلندی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا اور اپنی ذاتی٬ جماعتی یا گروہی مصلحتوں اور مفادات کو اس کے راستے میں حائل نہیں ہونے دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قافلہ حسین ص نے میدان کربلا میں جس ایثار٬ رواداری اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہمیں اس پر دل و جان سے عمل کرنا ہو گا اور یہی شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

متعلقہ عنوان :