جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے اجتماع عام کے لیے قائم کمیٹیوں کے سربراہان کا اجلا س٬تیاریوں پر اطمینان کا اظہار

منگل 11 اکتوبر 2016 19:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے اجتماع عام کے لیے قائم مختلف کمیٹیوں کے سربراہان کا اجلا س اجتماع گاہ میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدار ت ناظم اجتماع و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کی جب کہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال نے اجلا س میں خصوصی شرکت کی ۔اجلاس میں نائب ناظم اجتماع فضل اللہ دائود زئی ٬ عبدالقادر صراف ٬ ارشادا حمد ٬ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قمرحیات ٬ امان اللہ روحانی٬ حاجی اسلم اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سٹالز ٬ پارکنگ ٬ صفائی ٬ بیت الخلاء ٬ ٹرانسپورٹ اور میڈیا کمیٹی کے سربراہان شریک ہوئے اور اپنے شعبوں سے متعلق رپورٹس پیش کیں ۔ اجلاس میں اجتماع عام کے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے ناظم اجتماع و سابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہاکہ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے اجتماع عام میں بڑی تعداد میںافراد کو شریک کروا کر ثابت کریںگے کہ جماعت اسلامی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی قوت اور تنظیم بن چکی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان جماعت اسلامی کا پیغام ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچانے کے لیے دن رات ایک کریں۔جماعت اسلامی کی مقبولیت میںروز بروز اضافہ ہورہا ہے اور 2018ء کے انتخابات میں صوبے کی سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی کے طور پر ابھرے گی ۔انہوںنے کہا کہ اجتماع گا ہ میں جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنان دن رات محنت کر کے تیاریاں کر رہے ہیں اور صوبے کے تاریخ کے اس بڑے اجتماع کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔