چترال کو گلیات کی طرز پر ترقی دینا انکے اہداف میں شامل ہے٬پرویز خٹک

منگل 11 اکتوبر 2016 19:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چترال کو گلیات کی طرز پر ترقی دینا انکے اہداف میں شامل ہے۔ قدرتی حسن سے مزین چترال کے سیاحتی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دیں گے تاکہ وہاں کے عوام کو روزگار کے مواقعے مل سکیں۔ ان کی حکومت کا وژن ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں مقامی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو اسی علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لئے استعمال کیا جائے ۔

وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایم پی اے فوزیہ بی بی کی سربراہی میں چترال کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ چترال کی ترقی و خوشحالی کے لئے زیادہ فکر مند ہیں وہ جلد چترال کا دورہ کریں گے تاکہ چترال کی ترقی کے عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مطلوبہ وسائل اور ضرورتوں کا جائزہ لے سکیں۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہا کہ انکی حکومت نے تمام محکموں کو ضلعی سطح تک منتقل کیا ہے اور 80فیصد فنڈزمقامی حکومتوں کو جاری کر چکے ہیں۔

جس کا مقصد یہی ہے کہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں اور انہیں سرکاری اداروں کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ اب یہ منتخب مقامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کام کریں اور جاری سکیموں کے معیار کو یقینی بنائیں ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت نے صوبے کی پسماندگی دور کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جسکے لئے اضافی وسائل پیدا کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے ایک جامع نظام وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اب ظلم کا دور ختم ہو گیا ہے اب انصاف ہو گا ہر سطح پر اور ہر شعبے میں ہوگا۔ انہوں نے اختیارات ایم پی اے کی بجائے مقامی حکومتوں کو دیئے ہیں اور اس عمل کو دیرپا بنانے کے لئے اسے قانونی شکل دے چکے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومتی اصلاحات کی وجہ سے سماجی خدمات کے شعبوں میں خاطر خوا تبدیلی آچکی ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹر ز کی موجودگی یقینی بنانے کے لئے بھرتیاں جاری ہیں۔

اب ہر ضلع میں مقامی ڈاکٹرز دستیاب ہوں گے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں خدمات انجام دے سکیں ۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں چار اضلاع میں مسئلہ درپیش ہے جس کا حل نکال رہے ہیں۔ انہوں نے تقرریوں اور تبادلوں کا ایک نظام بنادیا ہے اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا ہے۔۔ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کے غریب اور نادار لوگوں کو صحت کی مفت سہولیات دینے کے لئے صحت انصاف کارڈ میرٹ پر فراہم کیا جائے گا۔ مستحق کواس کا حق ملے گا۔ یہ تحریک انصاف کا منشور ہے کہ حقدار اگر مخالف بھی ہے تو اسکو حق دے دیا جائے۔ تحریک انصاف اور دوسری جماعتوں میں یہی بنیادی فرق ہے۔ ہم غریبوں کے لئے کھڑے ہیں ان کو حقوق دیں گے۔ غریبوں کی خدمت اور ان کا اطمینان ہمارا مشن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔