چشتیاں٬ کیمیائی مادوں سے مضر صحت دودھ بنانے والی منی فیکٹری پر چھاپہ٬پانچ ملزمان کو دودھ بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ٬مالکان فرار

منگل 11 اکتوبر 2016 19:50

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ارشد محمود سدھو نے محکمہ لائیو سٹاک ٬محکمہ صحت کے افسران و پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چشتیاں کے نواحی گائوں 6فورڈ واہ (رومی والا) میں رات کے وقت کیمیائی مادوں سے مضر صحت دودھ بنانے والی یوسف لکھویرا و امتیاز لکھویرا کی منی فیکٹری پر چھاپہ ۔ پانچ ملزمان کو دودھ بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ دونوں متذکرہ مالکان رات کے اندھیرے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

چھاپہ کے وقت بھاری تعداد میں خشک دودھ کے تھیلے ٬ کیمیکل ٬ کوکنگ آئل ٬750لیٹر دودھ تیار کرنے والے ٹب و دیگر سامان کے علاوہ 3000لٹر مضر صحت دودھ اور دو گاڑیاں (دودھ ڈالی) پولیس نے اپنے قبضہ میں لے لیں ۔اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں نے میڈیا کو بتایا کہ چشتیاں میں مضر صحت دودھ تیا رکرنے کی خفیہ اطلاعات کی بناء پر چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی اور نصف رات انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر صحت دودھ بنانے والے یوسف لکھویرا ولد برکت علی اور امتیاز لکھویرا ولد لیاقت علی کی فیکٹری میں چھاپہ ماراگیا جہاں بڑے پیمانے پر مضر صحت دودھ تیار کرکے مختلف دودھ فیکٹریوں کو سپلائی کیا جارہا تھا اور اس دودھ کے استعمال سے مختلف جسمانی امراض پیدا ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

چھاپہ کے وقت تھانہ بخشن خاں اور تھانہ شہر فرید کی پولیس موجود تھی جس نے بین الاقوامی گروہ کے پانچ ملزمان وسیم احمد ماچھی (لڈن وہاڑی )٬ سجاد حسین لکھویرا (چک رومی والا)٬ طاہر شہزاد (چونیاں قصور)٬ محمد اظہر وٹو (لڈن وہاڑی) ٬ محمد اقبال قصائی (لڈن وہاڑی ) کو گرفتار کرلیا ۔ فیکٹری سے خالی ڈرم ٬ سٹیل ٹب ٬ بجلی کی مدھانی ٬ 750کلو خشک دودھ ٬ کوکنگ آئل کے ٹین (900کلو) کے علاوہ بھاری مقدار میں کیمیکل خالی تھیلے و ٹین ٬ دودھ لے جانے والی دو گاڑیاں 5599/LES٬ ڈالہ 6225/MLG بھی قبضہ میں لے لی گئیں ۔

بخشن خاں پولیس نے ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک بہاولنگر حق نواز علی کی تحریری درخواست پر گرفتار و مفرور ملزمان کے خلاف پنجاب پیور فوڈ آرڈیننس 1960ء ترمیم شدہ 2015ء 269/272٬ 273/337 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔