گورنر سندھ کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 11 اکتوبر 2016 19:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن٬ ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر٬ ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ٬ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ٬ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ کرکے ان سے محرم الحرام کی مجالس٬ جلوسوں کی سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

گورنر سندھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فول پروف سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے٬ اس ضمن میں جلوسوں کے راستوں پر نگراں کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ آغاز سے اختتام تک تمام جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جا سکے۔ انہوں نے ڈپٹی میئر کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں٬ مساجد اور مجالس کے مقامات کے باہر اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ صوبہ کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں سے صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہی حاصل کی جائے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں تمام مذاہب و مسالک کو آئین و قانون کے تحت مذہبی و مسالکی عبادات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے٬ مذہبی و مسالکی ایام میں پرامن عبادتوں کی ادائیگی کے لئے صوبہ میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات حکومت کی اہم ذمہ داری ہے٬ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے چوکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے٬ اس ضمن میں عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں٬ کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوراً دی جائے تاکہ بروقت کارروائی سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے صوبہ سندھ سمیت پورے ملک میں امن و امان کا قیام عمل میں آرہا ہے٬ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید مستحکم کیا جائے اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت شب و روز مصروف عمل ہیں۔

متعلقہ عنوان :