آئی جی خیبر پختونخوا پولیس کا سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس کمانڈ پوسٹ پشاور اور سنٹرل کمانڈ پوسٹ نوشہرہ کا دورہ

الیکٹرانک آلات کے ذریعے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کے سسٹم کا معائنہ٬سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال

منگل 11 اکتوبر 2016 19:40

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے محرم کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس کمانڈ پوسٹ پشاور اور سنٹرل کمانڈ پوسٹ نوشہرہ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے الیکٹرانک آلات کے ذریعے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کے سسٹم کا معائنہ کیا۔ اور دونوں مسلکوں کے نمائندوں اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقاتیں کرکے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

پشاور کی کمانڈپوسٹ کے دورے کے دوران آئی جی پی پوسٹ کے مختلف حصوںمیں گئے اور پولیس کی جانب سے محرم کے حوالے سے کئے گئے حفاظتی انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ ایس ایس پی پشاور عباس مجید خان مروتنے آئی جی پی کو سیکورٹی انتظامات اور ماتمی جلوسوں کی براہ راست الیکٹرانک مانیٹرنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے محرم جلوسوں کے لئے جدید کمپیوٹرائزڈ سیکورٹی اقدامات پر ا طمینان کا اظہارکیااوراس موقع پر موجود پولیس حکام کو کمانڈپوسٹ کے دورے کی روشنی میں کچھ اہم ضروری ہدایات بھی جاری کیئں۔

آئی جی پی نے اہل تشیع اور اہل سنت کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔ اور پولیس کی جانب سے محرم کی سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔دونوں مسلکوں کے وفود نے پولیس کی جانب سے پُر امن محرم کے لئے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور محرم کو پر امن طریقے سے منانے کے لئے اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔ آئی جی پی کمانڈ پوسٹ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے دوسرے محکموں کے اہلکاروں سے بھی ملے اور محرم کو پر امن طریقے سے منانے کے لئے اُن کی کاوشوں کی تعریف کی۔

بعد ازاں آئی جی پی نے سنٹر ل کمانڈ پوسٹ نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے محرم کے سلسلے میں اُٹھائے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی پی اُو نوشہرہ واحد محمودنے آئی جی پی کو جلوسوں کے گزرگاہوں کی سیکورٹی اور ماتم کرنے والوں کے لئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے تمام ماتمی جلوسوں کے گزرگاہوں کو جلوس شروع ہونے سے پہلے بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتوں کے زریعے چیک کرانے کی بھی ہدیت کی۔

آئی جی پی نے نوشہرہ کے مین بازار کا بھی دورہ کیا جہاں وہ تاجروں اور عام لوگو ں سے ملے اور اُن سے محرم کی سیکورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ تاجروں اور عام لوگوں نے محرم کے حوالے سے گئے گئے پولیس اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہارکیا اور اس سلسلے میں انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔ بعد ازاں آئی جی پی پولیس لائن نوشہرہ میں دونوں مسلکوںکے علماء کرام اور امن کمیٹیوںکے ارکان سے ملے اور اُن سے محرم کی سیکورٹی کے بارے میں دریافت کیا۔

تمام نے پولیس کے اقدامات کو سراہا اور محرم کو پُر امن بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔ پشاور اور نوشہرہ میں میڈیا کے نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ محرم کے حوالے سے خیبر پختونخوا ملک کا سب سے زیادہ حساس صوبہ ہے صوبے کے تمام اضلاع میں کمانڈ پوسٹ قائم کردی گئی ہیں۔ صوبے کے 12اضلاع میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔

جن میں سے پانچ اضلاع یعنی پشاور ٬ ہنگو ٬ کوہاٹ ٬ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کو حساس ترین قرار دیا گیاہے ۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کو جلوسوں کے گزرگاہوں ٬ اُن کی ٹائیمنگ اور دہشت گردی کے دو بڑے چیلنجوں کا سامناہے ۔ تاہم پولیس اور متعلقہ انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے جلوسوں کے روٹس اور ٹائیمنگ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پی نے کہا کہ اصل خطرہ دہشت گردی کا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کو صوبہ بھر میں الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ محرم کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اور تمام ماتمی جلوسوں کی براہ راست الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جائیگی۔ اور کیمرہ کی آنکھ سے کوئی بھی بچ نہیں سکے گا۔

اسی طرح پولیس کی نئی گاڑیوں میں متحرک کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ جو تمام جلوسوں کے گزرگاہوں کو موثر طریقے سے مانیٹر کرے گی۔ اسی طرح دونوں مسلکوں کے علماء کرام اور امن کمیٹیوں کے ارکان اور تمام سٹیک ہولڈر وں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے گئے ہیں جنہوں نے محرم کو پُرامن طور پر منانے کے لئے اپنی ہرممکن تعاون کا یقین دلایاہے۔ اُنہوں نے کہ کہ ماتمی جلوسوں کے گزرگاہوں پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیاہے۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شرپسندوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا جائے گا۔ چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور محمد طاہر خان اور ریجنل پولیس آفیسر محمد اعجاز خان دوروں کے دوران آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :