ماہرین ماہی پروری نے تالابوں میں موجود سبزی خور مچھلیوں کو مناسب مقدار میں سبز چارہ فراہم کرنے کی ہدایت کردی

منگل 11 اکتوبر 2016 19:33

فیصل آباد۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء)ماہرین ماہی پروری نے تالابوں میں موجود سبزی خور مچھلیوں کو مناسب مقدار میں سبز چارہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان کی بہتر انداز میں بروقت افزائش نسل مکمل ہو سکے۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین ماہی پروری نے بتایاکہ تالابوں میں موجود سلور کارپ ٬ گراس کارپ اور دیگر سبزی خور مچھلیوں کیلئے سبز چارہ کی فراہمی اشد ضروری ہے لہٰذا فش فارمرز برسیم ٬ چری ٬ مکئی وغیرہ کو باریک کاٹ کر روزانہ تالاب میں ڈالیں بلکہ بہتر یہ ہے کہ بانس کا تقریباً 8فٹ لمبا اور 8 فٹ چوڑا چوکھٹا بنا کر اسے تالاب میں چھوڑ دیاجائے اور سبز چارہ اس چوکھٹے میں ڈالا جائے تاکہ مچھلیاں اپنی ضرورت کے مطابق سبز چارہ کھاسکیں۔

انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ اس چوکھٹے سے ایک باریک رسی باندھ دینی چاہیے تاکہ اسے بوقت ضرورت تالاب سے باہر نکال کراس پر نیاچارا ڈال کر دوبارہ تالاب میں چھوڑاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ مچھلیوںکی مناسب نشو ونما اور زیادہ پیداوار کیلئے روائتی نامیاتی کھادوں کے علاوہ خود تیارکردہ راشن کا بھی استعمال کیاجاسکتاہے جن میں چاول کی پھک ٬ چھان بورا٬ کھل مکئی ٬ شیرہ وغیرہ بھی شامل ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے جامعہ کے ماہرین ماہی پروری یا محکمہ فشریز سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔