تخت بائی کامرس کالج کی کلاسز آئندہ سال سے کرایہ کی عمارت میں شروع کی جائیں اور اس مقصد کیلئے فرنیچر اور دیگر سہولیات کیلئے پی سی ون تیار کرکے پیش کیا جائے٬ گجر گڑھی ڈگری کالج مردان کے قیام کیلئے سیکشن فور لگا کر پی سی ون تیار کرنے اور سکول کیلئے دو کنال اراضی فراہم کی جائی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت

منگل 11 اکتوبر 2016 19:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تخت بائی کامرس کالج کی کلاسز آئندہ سال سے کرایہ کی عمارت میں شروع کی جائیں اور اس مقصد کیلئے فرنیچر اور دیگر سہولیات کیلئے پی سی ون تیار کرکے پیش کیا جائے۔ انہوں نے گجر گڑھی ڈگری کالج مردان کے قیام کیلئے سیکشن فور لگا کر پی سی ون تیار کرنے اور سکول کیلئے دو کنال اراضی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع مردان میں جاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے تعلیم محمد عاطف خان٬ ایم پی اے افتخار مشوانی٬ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع مردان میں جاری منصوبوں کی پیش رفت اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام تیز کرکے جلد مکمل کرنے ی ہدایت کی۔

انہوں نے حکم دیا کہ مردان میں شروع کی گئی امبریلا سکیموں کے وسائل دوسری جاری سکیموں کو منتقل کئے جائیں تا کہ ان کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح میں شروع کئے گئے منصوبوں میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے اور دستیاب وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے تخت بائی کینال روڈ کی توسیع کیلئے سیکشن فور لگا کر پی سی ون تیار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے گجر گڑھی مردان میں قبرستان کیلئے دستیاب وسائل سے اراضی حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گجر گڑھی گورنمنٹ ہائی سکول میں کھیل کے میدان کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ان کی حکومت نوجوانوں کو ہر سطح پر کھیلوں کی سہولیات دینا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 50کنال اراضی پر گجر گڑھی کینال پارک کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنسلٹنٹس کے ساتھ معاملات فائنل کرکے کام شروع کریں اور تیز رفتاری سے مکمل کریں۔انہوں نے مردان بس ٹرمینل پر کام تیز کرنے جبکہ مردان کچہری کا مسئلہ اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا کر حل کرنے کا حکم دیا۔ پرویز خٹک نے ڈپٹی کمشنر مردان کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کی معیاری تکمیل ہر صورت میں یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :