حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا یقین محکم اور مقصد نیک ہوتوراہ حق میں آنے والے مصائب کوئی حیثیت نہیں ر کھتے‘

شہدائے کربلاکی قربانیوں نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہے٬وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کایوم عاشور کے موقع پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 19:07

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓنے انسانیت کی عظمت اوراسلام کی سربلندی کیلئے لازوال قربانی دی اورنواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؓ اوران کے جانثاروں نے ثابت کیا کہ یقین محکم اور مقصد نیک ہوتوراہ حق میں آنے والے مصائب کوئی حیثیت نہیں ر کھتے۔

حضرت اما م حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔واقعہ کربلاامت مسلمہ کو حق کا پرچم سربلند کرنے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کا درس دیتا ہے ۔شہدائے کربلاکا سفر٬جرأت اورعظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ مہیا کرتی رہیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ نواسہ رسولؐ نے اپنے کردار اورعمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اورانسانی اقدار کاتحفظ سکھایاہے۔

(جاری ہے)

واقعہ کربلا ہمیں ایثار٬قربانی اورصبر وتحمل کا درس دیتا ہے ۔ حضرت امام حسین ؓکی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کاابدی پیغام ہے ۔انہوںنے کہا کہ شہدائے کربلاکی قربانیوں نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام اورظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اورشہدائے کربلانے عظیم قربانیاں دیکر ہمیں ظلم اور ظالم کیخلاف ڈٹ جانے کا عملی درس دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ نواسہ رسولؐ اوران کے ساتھیوں نے میدان کربلامیںجرأت اور بہادری کی ایسی مثال قائم کی جس پر انسانیت ہمیشہ فخر کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔انہوںنے کہاکہ یوم عاشور حق وانصاف کیلئے استقامت کا درس دیتا ہے اور اس دن حق و باطل کے درمیان وہ جنگ لڑی گئی جو قیامت تک مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتی رہے گی۔

درحقیقت یہ معرکہ حق نہ صرف مسلمانوں کیلئے بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوںنے کہاکہشہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے افکار اورتعلیمات پر عمل کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ حضرت امام حسین ؓکی تعلیمات اورافکار کو اپنا کرپرامن معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ۔معاشرے میں ایثار ٬اخوت٬برداشت کے جذبات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ۔یوم عاشور کے موقع پر ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میںحضرت امام حسینؓکی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :