واقعہ کربلا حق و صداقت کی سر بلندی کیلئے عظیم قربانی کا بے مثال واقعہ ہے ‘واقعہ کربلا سے یہ حقیقت ثابت ہوتی ہے کہ اقتدار٬ دولت اور طاقت انسانی عزت اور عظمت کے معیار نہیں دلوں پر حکمرانی صرف حق و صداقت کی پیروی سے ہی ممکن ہی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا یوم عاشور پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ واقعہ کربلا حق و صداقت کی سر بلندی کیلئے عظیم قربانی کا بے مثال واقعہ ہے ‘واقعہ کربلا سے یہ حقیقت ثابت ہوتی ہے کہ اقتدار٬ دولت اور طاقت انسانی عزت اور عظمت کے معیار نہیں دلوں پر حکمرانی صرف حق و صداقت کی پیروی سے ہی ممکن ہے۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے واقعہ کربلا کو یاد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ امام حسینؑ کی قربانی قیامت تک حق و صداقت کی آواز بن کر تمام انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ واقعہ کربلا سے یہ حقیقت ثابت ہوتی ہے کہ اقتدار٬ دولت اور طاقت انسانی عزت اور عظمت کے معیار نہیں دلوں پر حکمرانی صرف حق و صداقت کی پیروی سے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کربلا حق و صداقت کی سر بلندی کیلئے عظیم قربانی کا بے مثال واقعہ ہے اور انسانی تاریخ میں ایسی لازوال قربانی کی کوئی نظیر نہیں ملتی تاہم یوم عاشور حق و باطل میں تمیز کرنے اور باطل کو چھوڑ کر حق کی راہ اپنانے کی دعوت دیتا ہے اور واقعہ کربلا میں یزید نے جھوٹ٬ فریب اور ظلم کا راستہ اختیار کر کے اپنے لئے دائمی ملامت خریدی جبکہ امام حسینؓ صداقت اور شجاعت کی راہ اپنا کر ہمیشہ کیلئے امر ہو گئے۔

سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ یوم عاشور ہمیں ہمارے دین حق کی سچائی اور سر بلندی کا ابدی پیغام دیتا ہے اور اس پیغام پر کاربند ہو کر ہی ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔…(رانا)