عاشورہ محرم ہمیں واقعہ کربلا کی یاد دلاتا ہے ٬ ہمیں فروعی٬مسلکی٬لسانی اور صوبائی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور اپنے اندرمساوات٬رواداری٬ نظم و ضبط اور قربانی دینے والے اوصاف کو فروغ دینا ہوگا

وزیر اعظم نوازشریف کایوم عاشور کے موقع پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 18:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم نوازشریف نے کہاہے کہ عاشورہ محرم ہمیں واقعہ کربلا کی یاد دلاتا ہے ٬ کربلا میں حق وصداقت کا علم بلند رکھنے کے لئے امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے ظلم و جبر کی اطاعت کرنے کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیااور دٴْنیا کو یہ سبق دیا کہ حریت ایک بنیادی حق ہے جو دین اسلام کی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔

یوم عاشور 1438 ھ بمطابق 12 اکتوبر2016 ئ) کے موقع پر پیغام اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ حق کی حفاظت کرنا اپنی جان کی حفاطت کرنے سے زیادہ ضروری ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو نواسہ رسولؐ کی شہادت سے ہمیں ملتا ہے۔ تاریخ عالم میں ایسی قربانی اور استقامت کی کوئی مثال موجود نہیں۔ امام عالی مقام کا یہ پیغام پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

وطن عزیز پاکستان ایسے ہی اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لئے حاصل کیا گیا تھا جن کی خاطر خاندانِ رسالت نے بارگاہ حق میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کی تھی - آج کے دن ہمیں فروعی٬مسلکی٬لسانی اور صوبائی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور اپنے اندرمساوات٬رواداری٬ نظم و ضبط اور قربانی دینے والے اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔

واقعہ کربلا سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے اور اس پر عمل کرنے سے ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں۔ آج پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی زیادہ ضرورت ہے تاکہ کوئی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ط آمین