ملیر ٬شاہ فیصل ٬کورنگی اور لانڈھی زون میں یوم عاشورکے جلوسوں کے روٹس پر استقبالیہ و میڈیکل کیمپ قائم ٬علاقائی سطح پر جراثیم کش اسپرے

چیئر مین کورنگی سیدنیئررضا اوروائس چیئر مین کا میونسپل کمشنر اور بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ ٬یوم عاشور پر انتظامات کا معائنہ کیا

منگل 11 اکتوبر 2016 18:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج کی ہدایت پر یوم عاشور محرم کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے ضلعی حدود میں قائم امام بارگاہوں ٬محافل و مجالس گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیہ انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔عاشور محرم پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے میڈیکل کیمپ اور عوامی رہنمائی کے لئے استقبالیہ کیمپ قائم کردیئے گئے ٬بلدیہ کورنگی کے ملیر ماڈل کالونی ٬شاہ فیصل ٬کورنگی اور لانڈھی زونز کی حدود جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا گیا ۔

چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو اور بلدیہ کورنگی کے محکماجاتی سربراہان کے ہمراہ ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے یوم عاشور پر علاقائی سطح پر بلدیہ کورنگی کے تحت کئے جانے والے انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین وائس چیئر مین اور کونسلرز بھی انتظامات کی نگرانی کے لئے موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئر مین اور وائس چیئر مین نے دورے کے موقع پر مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے یوم عاشور کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے انتظامات اور مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی نے اپنے محدود وسائل اور تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عزاداران حسین ؓ کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کی کوشش کی ہے انہوں نے کہاکہ بلا تفریق رنگ و نسل ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے چیئر مین نیئر رضا نے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات میں تعاون پر منتظمین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے یقین دلا یا کہ علاقائی ترقی اور مسائل کے خاتمے کے لئے ہمیشہ تعاون کو جار ی رکھا جائیگا اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی نے یوم عاشور کے موقع پر ضلع کورنگی کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے صفائی و ستھرائی کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے قبل ازیں ضلع کورنگی کے تفصیلی دورے پر شاہ فیصل زون میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں سمیت جلوسوں کے روٹس اور علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے ۔