مودی سرکار کشمیر ایشو پر مکمل جھوٹ اور منافقانہ رویہ کا شکار ہے‘لیاقت بلوچ

کشمیری عوام حق پر ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع اور بھارتی حکمرانوں کو اپنے ناپاک عزائم میں شکست فاش نصیب ہوگی٬نواز شریف پانامالیکس کے معاملے پر قوم کو جوابدہ ہیں٬ملک اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے ایسے میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے نواز شریف کو آگے آنا اور خود کو پانامہ پیپرز کے معاملے پر احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے‘سیکرٹر ی جنرل جماعت اسلامی

منگل 11 اکتوبر 2016 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) مودی سرکار کشمیر ایشو پر مکمل جھوٹ اور منافقانہ رویہ کا شکار ہے٬کشمیری عوام حق پر ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع اور بھارتی حکمرانوں کو اپنے ناپاک عزائم میں شکست فاش نصیب ہوگی٬نواز شریف پانامالیکس کے معاملے پر قوم کو جوابدہ ہیں٬ملک اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے ایسے میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے نواز شریف کو آگے آنا اور خود کو پانامہ پیپرز کے معاملے پر احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ٹنڈومحمد خان میں منعقدہ’’شہادت حسین کانفرنس‘‘سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف پاناماپیپرز کے معاملے پر تمام اپوزیشن کے مطالبے پر ایک آزادانکوائری کمیشن بناتے تو آج ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہوتا۔

حکمرانوں نے پی آئی اے٬ ریلوے٬ اسٹیل ملز سمیت تمام قومی اداروں کا بیڑہ غرق کرنے کے بعد اب اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اونے پونے دام کے عوض ان قومی اداروں کو بیچنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ہاتھوں گروی رکھنے والے وزیرخزانہ کی تعریف سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کی عظیم داستان ہے٬کربلا میں شہادت نوش کرنے والے مجاہدین اور امام عالی مقام تا قیامت زندہ وجاوید رہیں گے ٬جبکہ یزید کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہے۔

کراچی میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد بے حد ضروری ہے جس کیلئے جعلی ووٹر لسٹوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے٬مردم شماری آئینی اور قانونی ضرورت کے علاوہ ایک اہم قومی مسئلہ ہے ٬سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود مردم شماری کا نہ ہونا حکمرانوں کی ناہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن حق اور باطل کے درمیان خیر اور شر کے معرکہ کا دن ہے٬ امام عالی مقام حسین ؓ نے وقت کے باطل پرست حکمرانوں کو چیلنج کرکے رہتی دنیا تک حق کی راہ پر چلنے والوں کیلئے ایک عظیم مثال قائم کی۔

آج ایک بار پھر کشمیر٬ شام٬فلسطین اور برما سمیت دنیائے اسلام میں کربلا کا میدان برپا ہے اور یزیدی اور حسینی لشکر آمنے سامنے ہیں۔ ملک میں جاری انگریز کے قانون کو بدلنے اور مدینے کی ریاست کو قائم کرنے کیلئے اب عوام کو آگے آنا ہوگا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا کہ پوری قوم کشمیر اشو پر پاک فوج کے شانہ بشانہ اگلے مورچوں پر لڑنے کیلئے تیار ہے٬حکمران طبقہ پاک بھارت کشیدگی کو پانامہ پیپرز کے معاملے سے توجہ ہٹانے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے٬ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے٬کرپشن کے خاتمے کے بغیر یہ ملک مزید نہیں چل سکتا٬ عوام بھوک٬ بدحالی اور مہنگائی کا شکار ہیں جبکہ حکمران آئے روز گیس٬بجلی سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرکے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کو خوش کرنے کے چکروں میں لگے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی دھرتی امن اور پیار کی سرزمین ہے٬ یہاں پر نفرت اور دشمنی کی کوئی گنجائش نہیں ہے٬جماعت اسلامی سندھ کے لوگوں کو کلمے والے پرچم تلے اکٹھا کرنے کیلئے مصروف عمل ہے۔