مذہبی ہم آہنگی اور اخوت و یگانگت کے لئے علماء کرام کی کوششیں لائق تحسین ہیں ٬ صوبائی وزیر صنعت و تجارت

منگل 11 اکتوبر 2016 18:10

رحیم یار خان۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری محمد شفیق نے کہا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی اور اخوت و یگانگت کے لئے علماء کرام کی کوششیں لائق تحسین ہیں تاہم ملک کے موجودہ سرحدی حالات اور محرم الحرام کے حساس ایام کے پیش نظر مذہبی رواداری کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ دشمن ہمارے اتحاد میں رخنہ ڈال کر بد امنی پھیلانے کی مذموم کوشش کر سکتا ہے جسے ہم نے باہم متحد ہو کر ناکام بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یارخان اور صادق آباد مختلف مقامات پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محرم الحرام سے قبل ہی سیکورٹی و انتظامی امور مکمل کرانے کے لئے صوبائی کابینہ سمیت تمام اعلیٰ افسران کو ذمہ داریاں سونپ دی تھیں جس کی وہ براہ راست خود نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے اعلیٰ تعلیم و تربیت یافتہ5000نوجوانوں کی خصوصی فورس تیار کی ہے جس کی تعداد بڑھا کر10ہزار کر دی گئی ہے جس کا کام صرف صوبہ میں حفاظتی امور سر انجام دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلہ میں پنجاب بھر کی تمام ڈویژن کو کیمروں سے لیس کیا جا رہا ہے جس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اضلاع تک لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنما اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور محراب و منبر سے بھائی چارے٬ پیار و محبت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ اخلاقی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے محرم الحرام کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیا۔