پاکستان سمیت دنیا بھر میں 11اکتوبرکولڑکیوں کا عالمی دن منایاگیا

منگل 11 اکتوبر 2016 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 11اکتوبرکولڑکیوں کا عالمی دن منایاگیا٬ اس دن کو منانے کا مقصد لڑکیوں کو درپیش مسائل ٬ صنفی امتیاز٬ مساوی مواقع کی عدم دستیابی٬ بنیادی انسانی حقوق کے حصول میں مشکلات اورمظالم وتشدد کی طرف دنیاکی توجہ مبذول کروانا ہے٬پاکستان میں بہت سی لڑکیوں نے ملک کا نام روشن کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں 11 اکتوبر کو انٹر نیشنل ڈے فار دی گرلز چائلڈ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے 19 دسمبر 2011 کو یہ دن منانے کی قرار داد پاس کی تھی۔اقوام متحدہ کے اداراہ یونیسیف کے مطابق دنیا بھر میں پرائمری اسکول جانے کی عمر والی تین کروڑ 10 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہی ہیں٬ دنیا بھر میں 15 سے 19 سال کی عمر کی ہر چار میں سے ایک لڑکی کو جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ پاکستان میں اس عمر کی تیس فیصد لڑکیوں کو مختلف قسم کے تشدد کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کا نام روشن کرنے والی لڑکیاں میں ایک نام حدیقہ بشیرکا بھی آتاہے ۔پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی نویں جماعت کی طالبہ حدیقہ بشیر کو ایشین گرلز کی سفیر مقرر کیا گیا ہے٬ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی لڑکی ہیں۔پاکستانی لڑکی عالیہ حریر کو بھارت میں جاری گلوبل یوتھ پیس فیسٹول میں انہیں گلوبل یوتھ آئی کن ایوارڈ سے نوازا گیا٬ عالیہ 19 طالبات کے وفد ساتھ چندی گڑھ گئی تھیں۔

وہ پاکستان سے مختلف اسکولوں کے طلبہ کی جانب سے دوستی اور امن کے پیغام کو لے کر بھارت گئی تھیں۔پاکستانی طالبہ شوانہ شاہ نے امریکہ میں محمد علی ہیومنٹرین ایوارڈ جیت کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔شوانہ شاہ سال 2012 سے معاشرے کی پسماندہ خواتین اور ان پر ہونے والے تشدد اور جنسی طور پر ہراساں ہونے والی خواتین کے حقوق کیلئے کام کررہی ہیں۔

صوابی سے تعلق رکھنے والی طالبہ سدرہ نے چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے امتحان میں 180 ممالک کے طلبا و طالبات کو مات دے کر پوری دنیا میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور ملک و قوم کا نام روشن کیا۔پاکستان کی روما سیدین نے کم ترین عمر میں ایتھیکل ہیکر کا سرٹیفکیٹ حاصل کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ایتھیکل ہیکنگ کا کورس کرنے والے عموما 18 سال کی عمر میں اسے مکمل کر پاتے ہیں٬ لیکن پاکستان کی روما سیدین نے ساڑھے 13 سال کی عمر میں اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر کے عالمی اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کی سارہ احمد جو لاہور کی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی طلبہ ہے٬ مائیکروسافٹ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے ہیرو مائیکروسافٹ پارٹنر کے ایوارڈ 2016 سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :