حضرت امام حسینؓ کی اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم قربانی کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 11 اکتوبر 2016 17:32

کراچی ۔ اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم قربانی دی٬ یزید کی بیعت نہ کرکے انہوں نے اسلام کے پرچم کو سربلند رکھا جس کو تاقیامت احترام و عظمت کے ساتھ یاد رکھا جائیگا۔ یوم عاشورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ کے دن ہر آنکھ واقعہ کربلا کی یاد میں اشک بار ہے اور نواسائے رسول اکرمﷺ حضرت امام حسینؓ کے ذکر میں آنکھیں چھلک جاتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ماہ محرم ہمیں صبر٬ استقامت٬ برداشت٬ قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی سربلندی٬ بقاء اور باطل قوتوں کے خلاف جنگ امام حسینؓ اور اہل بیت کی لازوال قربانیاں تمام دنیا اور بالخصوص عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام مسلمانوں اور تمام مکاتب فکر کے افراد پر زور دیا کہ وہ یوم عاشورہ کے موقع پر شہدائے کربلا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرکے اخوت٬ اتحاد٬ یکجہتی٬ بھائی چارگی٬ محبت٬ یگانگت اور ایثار قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے اندر اسلام دشمن اور باطل قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور ان کی تمام اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یوم عاشورہ پر حکومت کی طرف سے تمام امام بارگاہوں٬ مجالس کے مقامات اور مساجد کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور تخریب کاروں٬ دہشت گردوں٬ ملک دشمن قوتوں اور عوام دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے٬ اس سلسلے میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ سید مراد علی شاہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھیں اور انتظامیہ٬ پولیس٬ رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :