کراچی٬اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ

کریم آباد فلائی اوور کے قریب شہری کو گاڑی سے اترتے ہی اجرائم پیشہ افراد نے لوٹ لیا٬شکایت پر متعلقہ ایس ایچ او نے نرالی منطق پیش کردی

منگل 11 اکتوبر 2016 17:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) کراچی کے علاقے کریم آباد میں شہری دن رات لٹنے لگے٬ گلبرگ تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا٬ کریم آباد فلائی اوور کے قریب شہری کو گاڑی سے اترتے ہی اجرائم پیشہ افراد نے لوٹ لیا٬شکایت پر متعلقہ ایس ایچ او نے نرالی منطق پیش کردی۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ تھانے کی حدود میں ڈکیتی کے ہونے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری کے گاڑی سے باہر نکلتے ہی موٹرسائیکل سوار ملزمان نے موٹر سائیکل واپس گھمائی اور شہری پر پستول تان لیا٬ ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہری کو زمین پر بیٹھے رہنے کا کہا اور 2 قیمتی موبائل فون چھینے اور گلبہار تھانے کی حدود خاموش کالونی میں بآسانی فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

واردات کے بعد مذکورہ شہری 2 روز تک گلبرگ تھانے کے چکر لگاتا رہا مگر پولیس نے ایف آئی آر درج نہ کی٬ جبکہ بعد ازاں ایس ایس پی سینٹرل کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا لیکن ملزمان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔

شہری کے مطابق اس نے پولیس کی مدد کے لیے جدید ٹیکنالوجی گوگل سروس کے ذریعے ملزمان کی لوکیشن بھی نکال لی اور پولیس کو ملزمان کے اڈے تک لے گیا۔ایس ایچ او گلبہار سلیم اللہ قریشی نے نرالی منطق دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کروں گا٬ شہری کا پولیس کے رویے پر یہی کہنا ہے کہ کیا محرم کے بعد ڈکیت پولیس کے آنے کا انتظار کریں گی ۔

متعلقہ عنوان :