وزیراعلی کیساتھ ملاقاتوں٬سرکاری موبائلوں میں گھومنے والا ٹارگٹ کلرگرفتار

ٹارگٹ کلر مہدی موسوی ہمسایہ ملک کے سابق قونصلر کا مترجم رہا٬ ٹارگٹ کلرکے دوران تفتیش اہم انکشافات

منگل 11 اکتوبر 2016 17:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء)حساس اداروں نے کراچی کے علاقے شادمان میں کارروائی کرکے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹارگٹ کلرمہدی موسوی کو گرفتارکرلیاہے۔دوران تفتیش ملزم نے اہم انکشاف کیئے ہیں٬ تفتیشی حکام کے مطابق ٹارگٹ کلر مہدی موسوی ہمسایہ ملک کے سابق قونصلر کا مترجم رہا٬ وزیراعلی سندھ سے ملاقاتوں کے دوران بھی موجود رہتا تھا۔

پولیس یونیفارم میں سرکاری اسلحہ کیساتھ بھی گھومتارہا۔تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کے اہلکاروں نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد شادمان ٹائون میں کارروائی کے دوران فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔گرفتار ٹارگٹ کلر مہدی موسوی سے تفتیش کے دوران سنسنی خیزانکشافات سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم ہمسایہ ملک کے سابق قونصل جنرل کا مترجم رہا اورمترجم کی حیثیت سے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے کی جانے والی قونصل جنرل کی ملاقاتوں میں بھی موجود رہا۔

ٹارگٹ کلرپولیس یونیفارم اورسرکاری اسلحہ لئے پولیس موبائلوں میں بھی گھومتا رہا۔ مہدی موسوی پولیس موبائل ایس پی٬ ایل ٹو فور سکس پر ڈیوٹی بھی دیتا رہا٬ متعلقہ موبائل ایف آئی اے کے افسر کو الاٹ ہے۔ملزم ایف آئی اے کے سینئر افسر کے ساتھ بھی سرگرم رہا۔حساس ادارے نے مہدی موسوی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔