امام عالی مقام کی مثال نے ہمیں ناانصافی اور زیادتی سے لڑنا سکھایا ہے٬ ظلم اور جھوٹ کی شیطانی قوتیں ایک مرتبہ پھر عسکریت پسندی اور نام نہاد جہادی تنظیموں کی شکل میں سر اٹھا رہی ہیں ٬ یوم عاشور تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی تمام طاقت سے ان کا خاتمہ کردیں‘پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف زرداری کا یوم عاشور کے موقع پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 17:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا پیغام یہ ہے کہ ظلم٬ زیادتی اور جھوٹ کو ہر قیمت پر٬ ہر وقت اور ہر حالات میں مزاحمت کی جائے۔ اس لئے آج ہم حضر ت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ظلم٬ زیادتی٬ ناانصافی اور جھوٹ ہمیشہ مزاحمت کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی مثال نے ہمیں ناانصافی اور زیادتی سے لڑنا سکھایا ہے۔ آج ظلم اور جھوٹ کی شیطانی قوتیں ایک مرتبہ پھر عسکریت پسندی اور نام نہاد جہادی تنظیموں کی شکل میں سر اٹھا رہی ہیں اور ان لوگوں نے اپنے جھوٹے نظریے کے نام پر پورے ملک میں تباہی پھیلائی ہے۔ آج یوم عاشور ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی تمام طاقت اورقوت سے اس سوچ اور ایسی قوتوں کا خاتمہ کردیں۔ سابق صدر نے عوام سے کہا کہ وہ فرقہ واریت سے اوپر اٹھ کر آپس میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج یکجہتی اور برداشت کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔