بہاولپور ڈویژن کے عاشورہ کے 516 جلوس اور 1400مجالس کے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ٬اقبال چنڑ

منگل 11 اکتوبر 2016 16:32

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) صو بائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران پائیدار امن وامان اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور میڈیا کا فرض ہے کہ وہ ان مقدس ایام کی کوریج کیلئے انتہائی ذمہ دارانہ‘ تعمیری و مثبت کردار ادا کرے ٬حکومت نے امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی نگرانی میں وہ خودشامل ہوں گے اور یونین کونسلوں کے چیئرمین اپنے متعلقہ علاقوں کے عاشورہ کے جلوسوں میں انتظامیہ کے ہمراہ شریک ہوں گے٬ بہاولپور ڈویژن کے 516 عاشورہ کے مختلف جلوس اور 1400مجالس کے لئے سکیورٹی و دیگر انتظامات کو متعلقہ محکموں نے حتمی شکل دے دی ہے٬ انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیںجہاں میڈیا کے فوکل پرسن کو24گھنٹے مکمل رسائی و رہنمائی فراہم کی جائے گی٬ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 نے بھی بہاولپور ڈویژن نے ہر طرح کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے٬انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 بہاول پورڈویژن نے محرم الحرام کیلئے ایک جامع ایمرجنسی پلان ترتیب دیا ہے جس میں 4 خصوصی ریسکیو پوسٹس بمقام چاہ فتح خاں شیعہ مسجد ٬چوک بازار ٬حسینی چوک اور کربلاماڈل ٹائون بی میںبنائی گئی ہیں ٬علاوہ ازیں 6 ایمرجنسی پوائنٹس بمقام حسینی چوک‘چاہ فتح خاںبازار‘چوک بازار‘ امام بارگاہ روشن علی‘ شاہدرہ ٬ لاری اڈا اور فوارہ چوک پر بنائے گئے ہیں٬انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی تمام اہم مجالس اور ماتمی جلوسوں کے لیے ریسکیورز سمیت ایمبولینسز٬ فائر وہیکلز٬ ریسکیو وہیکلزاورریکوری وہیکلز تعینات کئے گئے ہیں٬اس کے علاوہ محرم کے جلوسوںاور مجالس کیلئے خصوصی ریسکیو پیدل دستے ایمرجنسی کٹ کے ہمراہ ماتمی جلوسوں کے ساتھ ساتھ رہیںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موبائل فون کی سہولت معطل ہونے کی صورت میں ریسکیو کنڑول روم 062-9250500 متبادل فون نمبر کی صورت میں استعمال کیا جاسکے گااور ایمرجنسی کی اطلاع اس نمبر پر دی جا سکے گی٬ ریسکیو 1122 کی وائر لیس بیس واکی ٹاکی سیٹس اور گاڑی میں نصب شدہ وائر لیس بیس مکمل طور پر فنگشنل کر دی گئی ہے جبکہ کمیونیکیشن اور کنٹرول روم بذریعہ وائر لیس کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :