ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس٬ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے

شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود پر پہنچے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے سخت انتظامات٬ہزاروں پولیس و رینجرز اہلکار٬پاک فوج کے جوان تعینات٬ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی

منگل 11 اکتوبر 2016 16:04

اسلام آباد/لاہور /کراچی /کوئٹہ /پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کے لئے ہر سال کی طرح امسال بھی 9 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ۔ شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچے ۔

جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور ہزاروں پولیس و رینجرز اہلکاروں اور پاک فوج کے جوان تعینات رہے ۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی اور لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ۔ کوئٹہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی دفعہ 144 نافذ اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ۔

(جاری ہے)

کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹینز لگا کر سیل کر دی گئی ہیں جب کہ جلوس کی گزر گاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند رہیں ٬ جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس کے 6 ہزار اہلکار اور رینجرز کے 2 ہزار جوان تعینات کئے گئے جب کہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانے باز بھی تعینات کئے گئے ۔

جلوس کے دونوں راستوں پر اسکینرز نصب کئے گئے ۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے کھارادر تک 11 محرم الحرام کی صبح تک بند رہے گا٬ پریشانی سے بچنے کے لئے شہری متبادل روٹ کے طور پر گرومندر سے کوریڈور تھری استعمال کریں٬ اس کے علاوہ شہری کیپری سینما کے پیچھے والا روڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ سکھر میں کربلا معلیٰ کے تعزیے کا جلوس ادارہ محفل شاہ عراق کربلا سے صبح 7 بجے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر اختتام پزیز ہوا۔

اس موقع پر بھگڈر مچنے سے ایک عزادار جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے جب کہ 15 عزادار بے ہوش بھی ہوئے۔ زخمیوں اور بے ہوش افراد کو طبی امداد کے لئے تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کر دیا گیا ۔