محرم الحرام کا مہینہ ہمیں اتحاداور بھائی چارے کا درس دیتا ہے

عوام اپنی صفوں میں تحمل اور برداشت کے ماحول کو برقرار رکھیں٬ گورنرخیبرپختونخوا کا یوم عاشور کے پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 15:23

پشاور۔11اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں تحمل وبرداشت٬ رواداری اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھیں اوروقت کاتقاضا ہے کہ باہمی احترام اورمکمل اتحاد واتفاق کاماحول یقینی بنایاجائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے محرم الحرام کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشورکا دن حق اور سچائی کی سربلندی کیلئے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں منایاجاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخی حقائق اس امر کے گواہ ہیں کہ ظلم وبربریت کے خلاف مثالی جرات وجذبے کے اظہار کے حوالے سے یہ د ن ایک جامع پیغام کاحامل ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ درحقیقت شہدائے کربلا نے جس مثالی جذبے اورحوصلے کامظاہرہ کیا اس سے ہر مسلمان کیلئے ثابت قدمی٬ برداشت٬ صبر اور وفا کا ایک جامع پیغام ملتاہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف شہدائے کربلا نے ظلم اورباطل کے خلاف آخری حدتک لڑنے کا پیغام دیا تو دوسری جانب حق اور سچ کی بالادستی قائم رکھنے کا سلیقہ بھی بتا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر میری تمام ہم وطنوں بالعموم اور خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام سے بالخصوص اپیل ہے کہ وہ اپنی صفوں میں برداشت٬ رواداری اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھیں۔یہ دن ہمیں اتحاد٬ بھائی چارے اور اخوت کے جذبے کو برقراررکھنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہم جن حالات سے گزرے ہیں ان کے پیش نظر ہمیں روزمرہ حالات کاسامنا کرتے ہوئے ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے اوریہی یوم عاشورکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا عمدہ انداز بھی ہوسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :