ڈبل سواری پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد کو موٹر سائیکلوں سمیت تھانوں میں بند کر دیا گیا ٬آج بھی پابندی ہو گی

گرفتار افراد کی رہائی کیلئے تھانوں میں سفارشیوں کا تانتا بندھ گیا ٬تگڑی سفارش والوں کو بغیر کسی کارروائی کے چھوڑ ا جاتا رہا

منگل 11 اکتوبر 2016 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈبل سواری پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد کو ان کی موٹر سائیکلوں سمیت تھانوں میں بند کر دیا گیا ٬گرفتار افراد کی رہائی کیلئے تھانوں میں سفارشیوں کا تانتا بندھ گیا ٬تگڑی سفارش والوں کو بغیر کسی کارروائی کے چھوڑ ا جاتا رہا ۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی حکومتوں کی طرف سے نو اور دس محرم الحرام کو امن و امان کے قیام کے سلسلہ میںدفعہ 144کا نفاذکر کے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم ایک روز قبل اعلان کے باعث عوام کواس پابندی سے آگاہی حاصل نہ ہو سکی اور ڈبل سواری کرتے رہے ۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد کو ان کی موٹر سائیکلوں سمیت تھانوں میں بند کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کی بڑی تعداد کے نو محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر مامور ہونے کے باعث کئی شاہراہوں پر ڈبل سواری کی پابندی کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں۔ پولیس کی طرف سے پکڑ ے گئے افراد کو تھانوں میں لانے کے بعد انہیں رہا آنے کیلئے سفارشیوں کا تانتا بند گیا جبکہ تھانوں میںمعززین علاقہ کے سفارشی فون بھی آتے رہے جس کے بعد متعدد افراد کو بغیر کسی کارروائی کے چھوڑ دیا گیا ۔یاد رہے کہ آج دس محرم الحرام کو بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔