ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات کیلئے تعلیم یافتہ پرعزم اور اعلیٰ مہارت کے حامل بالخصوص نوجوان امیدواروں کو میرٹ اور اتفاق رائے سے نامزد کیا جائے گا٬

کسی کو بھی الائنس کے اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی٬ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا ہی یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کا انٹرویو

منگل 11 اکتوبر 2016 14:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات کیلئے تعلیم یافتہ پرعزم اور اعلیٰ مہارت کے حامل امیدواروں بالخصوص نوجوان امیدواروں کو میرٹ اور اتفاق رائے سے نامزد کیا جائے گا۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ ملک میں مختلف چیمبروں کا سب سے بڑا اتحاد ہے۔ گزشتہ روز یہاں ایک انٹرویو میں افتخار علی ملک نے کہا کہ چیمبر کے مختلف عہدوں کیلئے امیدواروں کا اعلان اتفاق رائے اور جمہوری انداز میں ہو گا٬ ایسے تعلیم یافتہ اور پرعزم نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی جو تجارت اور کاروبار کو فروغ دیتے ہوئے ملک کیلئے کام کرنے کا عزم رکھتے ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے سینئر تاجروں پر مشتمل کمیٹی جس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان اتھارٹی کے چیئرمین ایس ایم منیر بھی شامل ہیں٬ میرٹ اور شفافیت کو بروئے کار لاتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے گی۔ امیدواروں کی نامزدگی کے وقت ان کے پیشہ وارانہ شہرت و مقام٬ نجی شعبے میں ان کی مہارت اور قومی ترقی کیلئے ان کی خدمات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ناموں کو حتمی شکل دیتے ہوئے علاقائی سینئر تاجروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی الائنس کے اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو شفاف اور جمہوری طریقے سے چیمبر کے انتخابات کو سبوتاژ کرنے دیا جائے گا۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ چیمبر کے انتخابات میں اختیارات کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چند روز قبل چیمبر کے انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد میں ابتدائی اجلاس ہوا تھا جبکہ دو روز قبل اس ضمن میں ایک اور اجلاس بھی ہوا جس میں سینئر تاجر رہنمائوں نے شرکت کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چیمبرز کے آئندہ انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے کلین سویپ کرے گا۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کوئٹہ٬ کراچی٬ پشاور٬ لاہور اور اسلام آباد میں تاجر رہنمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے انتخابات میں فائونڈر پی آئی اے ایف کے امیدواروں نے ووٹوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ہمیں امید ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدوار وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت کے سالانہ انتخابات میں لینڈسلائیڈ کامیابی حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ایس ایم منیر محمد ادریس اور خود انہوں نے کبھی بھی بطور صدر ایک آنے کا فائدہ یا دیگر مراعات حاصل نہیں کیں بلکہ بیرونی دوروں پر بھی تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے۔

افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ایک اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو سہ ماہی بنیادوں پر فیڈریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے٬ ایف پی سی سی آئی کی قیادت نے پہلے سے ہی 20 نکاتی گائیڈ لائن دی ہے تاکہ ملک بھر میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :