ایاز صادق صرف ن لیگ کے اسپیکر ہیں ٬ْ علی محمد خان

پاناما لیکس کے معاملے کو 6 ماہ کا عرصہ ہوچکا ٬ْ حکومت احتساب کیلئے تیار نہیں ٬ معاملات ایسے چلتے رہے تو بات تصادم کی طرف جائیگی ٬ْ انٹرویو

منگل 11 اکتوبر 2016 14:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے 30 اکتوبر کا منصوبہ لندن میں بنائے جانے کے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایاز صادق نے ثابت کردیا کہ وہ قومی اسمبلی نہیں بلکہ صرف ن لیگ کے اسپیکر ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ اسپیکر کا عہدہ بہت ہی باعزت عہدہ ہوتا ہے اور انہیں ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا کیونکہ یہ کام کرنے کے لیے ن لیگ کے پاس اور بہت سے لوگ موجود ہیں لہذا ایاز صادق اپنے عہدے کی عزت کو برقرار نہیں رکھ سکے۔

انھوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے کو 6 ماہ کا عرصہ ہوچکا لیکن حکومت اب تک احتساب کیلئے تیار نہیں اور اگر معاملات ایسے چلتے رہے تو بات تصادم کی طرف جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں پارٹی چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو بہت اچھا آپشن دیا کہ یا تو وہ مستعفی ہوجائیں یا پھر خود احتساب کیلئے پیش کردیں۔اس سوال پر کہ اگر وزیراعظم پاناما لیکس کے معاملے پر خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کرتے تو کیا 30 اکتوبر کو آپ اسلام آباد بند کریں گی انھوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایک پر امن احتجاج کریں گے کیونکہ عمران خان ایسی تحریک کی قیادت کررہے ہیں جس کا مقصد پاکستان کو بنانا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کی 30 اکتوبر کے احتجاج میں شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں اور 30 ستمبر کو رائے ونڈ جلسے نے یہ ثابت کردیا کہ ہمیں نہ تو طاہر القادری کی ضرورت ہے اور نہ ہی پیپلز پارٹی کی۔