بہتر مستقبل اور پائیدار امن کیلئے بھارت اور پاکستان تصفیہ طلب سلامتی اور اقتصادی مسائل کو حل کریں ٬سارک چیمبر آف کامرس

منگل 11 اکتوبر 2016 13:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے نائب صدر افتخار علی ملک نے بھارت اور پاکستان پرزور دیا ہے کہ وہ اپنے تصفیہ طلب سلامتی اور اقتصادی مسائل کو حل کریں تاکہ سارک خطے کے اقتصادی وسائل کو خطے کے بہتر مستقبل اور پائیدار امن کیلئے بروئے کار لایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سارک خطہ وسائل سے مالا مال ہے٬ ان وسائل سے استفادہ کرنے اور انہیں بروئے کار لانے کیلئے خطے میں امن٬ استحکام اور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے بھارت کی ہٹ دھرمی اور انکار کے باعث سارک کانفرنس کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت بغیر ثبوت کے اڑی سیکٹر واقعہ کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن افسوس ہے کہ بھارت ان مذاکرات سے جان چھڑا رہا ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ خطے میں ترقی اور بہتری کیلئے اپنا مثبت کردار اداکرے تاکہ معاشی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری لا کر شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔