وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ کے درمیان ملاقات

عدالت عالیہ کی ایک سوپچاس سالہ تقریبات منانے اور وکلاء کو لیپ ٹاپ دینے کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت دیگرانتظامی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا

منگل 11 اکتوبر 2016 13:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصورعلی شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی ٬عدالت عالیہ کی ایک سوپچاس سالہ تقریبات منانے اور وکلاء کو لیپ ٹاپ دینے کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت دیگرانتظامی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس سید منصورعلی شاہ سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے چیف جسٹس ہائوس جی اوآرون میں ملاقات کی جس میں لاہورہائیکورٹ کی ایک سوپچاس سالہ تقریبات اوروکلا ء کو لیپ ٹاپ دینے کے لیے فنڈز سمیت دیگرانتظامی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔

ہائیکورٹ کی تقریبات کے لیے پانچ کروڑ اور وکلا ء کولیپ ٹاپ دینے کے لیے بارہ کروڑ روپے کے فنڈز دینے اورعدالتوں کی سکیورٹی سمیت دیگرانتظامی امورپربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہورہائیکورٹ کی ایک سوپچاس سالہ تقریبات اور وکلا ء کو لیپ ٹاپ دینے کے لئے فنڈز دینے پر آمادگی ظاہر کردی۔ اس موقع پر چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ کا کہناتھا کہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور ہائیکورٹ کی تاریخی اہمیت کومدنظررکھتے ہوئے اسکی ایک سوپچاس سالہ تقریبات منانے کافیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی جانب سے بروقت انصاف کے لیے کیے جانے والے اقدامات اوروکلا کو لیپ ٹاپ دینے کے منصوبے کوسراہا۔ وزیراعلی پنجاب نے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو یقین دھانی کرائی کہ عدالت عالیہ کی ایک سوپچاس سالہ تقریبات میں تمام متعلقہ ادارے بھرپور کر دار ادا کریں گے۔